آبی ذخائر کی سطح آب میں تشویشناک حد تک کمی

دونوں تلگو ریاستوں میں پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ
حیدرآباد ۔ 14؍ اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے اہم آبی ذخائر کی سطح آب میں روز بروز تیزی کے ساتھ تشویشناک حد تک کم ہوتی جا رہی ہے ۔ بالخصوص موسم گرما کی شدت میں زبردست اضافہ کے نتیجہ میں پانی کا استعمال بھی بڑھ جانے کی وجہ سے دریائے کرشنا پر پائے جانے والے آبی ذخائر (پراجکٹس) ناگر جنا ساگرو سری سلیم پراجکٹس کی سطح آب تیزی کے ساتھ کم ہوتی جا رہی ہے ۔ اسطرح ان دو آبی ذخائر میں فی الوقت صرف 25 ٹی ایم سی پانی ہی دستیاب ہے اور پانی کی اس مقدار کے ساتھ دونوں تلگو ریاستیں تلنگانہ و آندھراپردیش آئندہ ماہ اگسٹ تک کس طرح اپنی ضروریات کو پورا کریں گی ۔ ایک سوالیہ نشانہ بن گیا ہے ۔ ریاستی محکمہ آبپاشی کے باوثوق ذرائع نے بات کہی ۔ اور بتایا کہ شہر حیدرآباد کو پینے کا پانی سربراہ کرنے والا ناگرجناساگر پراجکٹ کی مکمل سطح آب جہاں 590 فٹ پائی جاتی ہے ۔ اس پراجکٹ کی موجود ہ سطح آب 590 فٹ سے گھٹ کر 513 فٹ تک پہنچ چکی ہے ۔ علاوہ ازیں ناگرجناساگر پراجکٹ میں اقل ترین آبی سطح 510 فیٹ تک ہونا ضروری ہے ۔ اسطرح موجودہ پائی جانے والی سطح ٓب 513 فٹ کی روشنی میں اس پراجکٹ کے ذریعہ پینے کے پانی کی اسکیم کے لئے ہو یا زرعی مقاصد کے استعمال کے لئے ہو ۔ صرف اور صرف 6 ٹی ایم سی پانی کا استعمال ہی ممکن ہو پائے گا ۔ اور یہی 6 ٹی ایم سی پانی کو آئندہ کم از کم چار ماہ تک احتیاط کے ساتھ استعمال کرنا ضروری ہوگا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آبی ذخائر ہ میں تشویشناک حد تک گھٹتی ہوئی سطح آب کے پیش نظر دونوں تلگو ریاستوں کو پینے کے پانی کی آئندہ چار ماہ تک سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے اور امکانی پانی کی شدید قلت کو محسوس کرتے ہوئے کرشنا بورڈ نے ناگرجناساگر پراجکٹ سے 505 فیٹ کی سطح پر پہنچنے تک پانی کے استعمال کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اجازت کی روشنی میں آئندہ دنوں کے دوران ناگرجناساگر پراجکٹ سے جملہ 14.87 ٹی ایم سی پانی کے استعمال کی گنجائش پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری سلیم پراجکٹ کی جملہ سطح آب 885 فٹ ہونے کے منجملہ فی الوقت اس ذخیرہ آب کی آبی سطح 818.70 فٹ ہوچکی ہے ۔ اسطرح اس پراجکٹ میں فی الوقت 39.83 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے ۔ لیکن گرما کی شدت کے باعث آبی سطح میں تیزی کے ساتھ کمی واقع ہو رہی ہے ۔ لہذا سطح آب کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کرشنا بورڈ نے مزید 80 فٹ تک پانی کے استعمال کی اجازت دی ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے سری سلیم پراجکٹ سے بھی فی الوقت 10.87 ٹی ایم سی پانی کا استعمال کرنے کی گنجائش ہی پائی جاتی ہے ۔ اسطرح دونوں آبی ذخائر یعنی سری سلیم پراجکٹ اور ناگرجناساگر پراجکٹ میں آئندہ چار ماہ تک استعمال کرنے کے لئے جملہ 25.74 ٹی ایم سی پانی ہی دستیاب رہے گا۔