اُترپردیش کے شیلٹر ہوم میں بھی لڑکیوں کا جنسی استحصال ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ برطرف

24 کو بچالیا گیا ، 18 لاپتہ ، چیف منسٹر یوگی کی طرف سے تحقیقات کا حکم اور رپورٹ طلبی ، مظفرپور اسکینڈل کے بعد نیا واقعہ

دیوریا ؍ لکھنو ۔ 6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے ضلع دیوریا میں جنسی استحصال کے الزامات کے بعد ایک شیلٹر ہوم سے 24 لڑکیوں کو بچالیا گیا جس کے بعد حکومت اُترپردیش بھی اپنی ساکھ کو پہونچنے والے نقصان کی تلافی کیلئے فوری حرکت میں آتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کو برطرف کردیا اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔پولیس نے کہاکہ بشمول ایک جوڑا تین افراد اسٹیشن روڈ پر ماہ وندھیاواسنی مہیلا پراکشن ایوم سماج سیوا سنستھا کے نام پر یہ شلٹر ہوم چلارہے تھے جہاں 42 لڑکیوں کو رکھا گیا تھا جہاں پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے 24 لڑکیوں کو بچالیا لیکن ہنوز 18 لڑکیاں لاپتہ ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ روپن کے پانڈے نے دیوریا میں کہاکہ ہم نے اس کی ناکہ بندی کردی ہے۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے اس مسئلہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے دیوریا کے ضلع مجسٹریٹ سجیت کمار کو فوری طورپر ہٹادیا ۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال نے لکھنو میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ آدتیہ ناتھ نے برسرمقام تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم روانہ کی اور آج رات ہی رپورٹ کی پیشکشی کا حکم دیا۔ ریٹا بہوگنا جوشی نے مزید کہاکہ ’’علاوہ ازیں اُس وقت تک ضلع پروبیشن افسر ( ڈی پی او) ابھیشیک پانڈے کو معطل کردیا گیا ہے ۔ دیگر دو عہدیداروں کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم دیا گیا ۔ ریٹا بہوگنا نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سکریٹری رینوکار کمار اور اے ڈی جی ( شعبۂ خواتین ) انجوگپتا کو دیوریا روانہ کیا گیا ہے جنھیں آج رات رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال نے کہاکہ شلٹر چلانے والی ایک غیرسرکاری تنظیم کی مسلمہ حیثیت ایک سال قبل منسوخ کی جاچکی تھی اور فنڈس روک دیئے گئے تھے ۔ اس وقت ابھیشیک پانڈے ڈی پی اے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ غیرجانبداری کے ساتھ تحقیقات کی جائیں گی اور خاطیوں کو سخت ترین سزائیں دی جائیں گی ۔ اس واقعہ سے چند دن قبل بہار میں مظفرپور شلٹر ہوم میں بھی لڑکیوں کے جنسی استحصال کے واقعہ کا انکشاف ہوا تھا ۔ اس واقعہ سے اپوزیشن جماعتوں کو آدتیہ ناتھ حکومت پر تنقید و مذمت کیلئے ایک کیا موضوع مل گیا ہے۔ سماج وادی پارٹی ، کانگریس اور بی ایس پی نے اس واقعہ کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروانے کامطالبہ کیا اور کہاکہ اس واقعہ سے خواتین کے تئیں حکومت کی بے حسی کا اظہار ہوتا ہے ۔