اوک بروک ایلینائے کے میئر کی فن خطاطی سے دلچسپی

امریکہ میں سیاست کے زیراہتمام فن خطاطی کی نمائش، جناب زاہدعلی خاں سے میئر گوپال لال ملانی کی بات چیت
حیدرآباد ۔31مئی (سیاست نیوز) امریکہ میں سیاست کیلی گرافی نمائش کے دوران جناب زاہد علی خان نے مئیر اوک بروک ڈاکٹر گوپال لال ملانی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سیاست کیلی گرافی نمائش اور فن خطاطی کی بقاء کیلئے ادارہء سیاست کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا۔ ڈاکٹر گوپال لال ملانی نے کیلی گرافی نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس کی خوب ستائش کی اور کہا کہ انہیں اس فن کو سیکھنے میں کافی دلچسپی ہے اور وہ اس فن خطاطی سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر لال ملانی جو پیشہ کے اعتبار سے ماہر امراض قلب ہیں نے ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے تفصیلی ملاقات کے دوران فن خطاطی کے مختلف رموز پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے فن کی خوبصورتی سے متاثر ہوتے ہوئے اس کے متعلق تفصیلات حاصل کرنی چاہی جس پر جناب زاہد علی خان نے انہیں شخصی طور پر تفصیلات سے واقف کروایا۔ امریکی ریاست الینائے کے علاقہ اوک بروک کے مئیر نے اس نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے فن خطاطی کی خوب سراہنا کی۔ اس نمائش کا افتتاح ڈاکٹر اوصاف سعید نے کیا جہاں معروف خطاط نعیم صابری ‘ فہیم صابری ‘ کے شاہکار خطاطی کے نمونوں کے علاوہ جناب لطیف فاروقی کی بنائی گئی پینٹنگس اور نسرین سلطانہ اور محمد مظہرالدین کے تیر کردہ طغروں کو نمائش کیلئے رکھا گیا ہے۔اس نمائش میں اردو و عربی زبان کے چاہنے والوں کی کافی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں مقامی ذمہ دار اصحاب کے علاوہ تاجرین و سماجی بھلائی و بہبود میں سرگرم تنظیموں کے نگران بھی موجود تھے۔