غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا بھی اعلان
حیدرآباد /3 جنوری ( سیاست نیوز ) ہزاروں ڈرائیورس کے روزگار کیلئے خطرہ بن چکے اولہ اور اوبر کمپنیوں کے خلاف ڈرائیورس نے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کردی ہے ۔ گذشتہ چار دنوں سے جاری احتجاج کے بعد اب غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ۔ ایک بیان میں تلنگانہ کیاب ڈرائیورس اسوسی ایشن کے صدر شیوا نے بتایا کہ 4 جنوری سے اندرا پارک پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک کے آغاز سے قبل صبح 9 بجے گن پارک پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ان کے بعد اندرا پارک کا رخ کیا جائے گا ۔ انہوں نے حکومت پر ڈرائیورس کے مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ حکومت اگر سنجیدہ اقدامات انجام دے تو ڈرائیورس کے مسائل فوری حل ہوسکتے ہیں ۔ چونکہ ٹیکسی پر منحصر ہزارہاخاندان اس وقت مشکلات سے دوچار ہیں ۔جنہیں کمپنیوں کے ذمہ دار غیر ضروری اذیت پہونچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسی پلیٹ کو ہٹاکر اون پلیٹ پر کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو سرکاری عہدیادر دیکھا ان دیکھا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ریاستوں سے ڈرائیورس کو طلب کرتے ہوئے انہیں تربیت دی جارہی ہے تاکہ ان کمپنیوں کے خلاف کوئی آواز بلند نہ کرسکے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری ان کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرے جو تلنگانہ میں بے روزگار کا سبب بن رہے ہیں اور روزگار کے بہانے سماج میں بے روزگاری کو ہوا دے رہے ہیں ۔ انہو ںنے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈیجیٹل ٹیکسی نظام کو رائج کرے اور خانگی کمپنیوں کی من مانی کو روکتے ہوئے ڈرائیورس کو راحت فراہم کرے ۔