نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کا بیان ۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کاحکام کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز)نیشنل ہائی وے اتھاریٹی نے شمس آباد پر قومی شاہراہ کی تعمیر کے سلسلہ میں اوقافی جائیدادوں کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کارروائی سے باز رہنے کا تیقن دیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد وقف بورڈ عہدیداروں کے ساتھ مشترکہ سروے کا اہتمام کیا جائیگا جس کے بعد ہائی وے کی تعمیر کے رخ کا تعین ہوگا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں ہائی وے کی تعمیر کے سلسلہ میں اوقافی جائیدادوں کو حاصل کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی ، پولیس ، ریونیو ، جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم ڈی اے ، آر اینڈ بی اور وقف بورڈ عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدرنشین محمد سلیم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے واضح کردیا کہ جن مساجد ، قبرستانوں کو سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، وہ درج اوقاف ہیں مساجد و قبرستانوں کے مسئلہ پر بورڈ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اور قبرستان تا قیامت اپنی اصلی حالت میں برقرار رہیں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ ہائی وے اتھاریٹی عہدیداروں نے توسیعی کام میں مساجد ، قبرستانوں اور چھلوں کو حاصل کرنے کی کوششوں کو روک دینے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں وسیع تر سرکاری اراضی موجود ہے ، جہاں سے قومی شاہراہ کا راستہ نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اور قبرستان کے قریب سے سڑک تعمیر کی جاسکتی ہے لیکن مسجد اور قبرستان کی اراضی نہیں دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ چھلہ کی منتقلی کے سلسلہ میں علماء سے رائے حاصل کرنی پڑے گی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب اجلاس میں کوئی فیصلے نہیں لئے گئے۔ عہدیداروں نے الیکشن کے بعد دوبارہ اجلاس منعقد کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ عنبرپیٹ تا رامنتا پور سڑک پر 4 تا 5 قبرستان ہیں اور قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے حکام قبرستانوں میں پلر نصب کرنا چاہتے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ قبرستان کے حدود میں کسی تعمیری سرگرمی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی نے شہر میں حاصل کردہ اوقافی اراضی کا معاوضہ وقف بورڈ کے بجائے کرایہ داروں کو ادا کیا ہے۔ معاوضہ کیلئے بورڈ کی جانب سے مکتوب روانہ کیا جائیگا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شمس آباد پرکاش ریڈی ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم ، نیشنل ہائی وے اتھاریٹی حیدرآباد سرکل کے عہدیدار ای راجندر کمار ، اگزیکیٹیو انجنیئرنیشنل ہائی وے پی دھرما ریڈی ، ڈپٹی اگزیکیٹیو انجنیئرآر اینڈ بی آر ایل رویندر، تحصیل لینڈ ایکویزیشن ایس گیتا، چیف پلانر جی ایچ ایم سی جی شیوا شرنپا، ریٹائرڈ اے سی پی جی ایچ ایم سی ایم اے ستار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔