انسداد دہشت گردی، نیوکلیئر تعاون امور پر ہند ۔ جاپان کا اتفاق، وزرائے اعظم کی بات چیت
وینٹیان(لاؤس) ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما کل وینٹیان لاؤس میں آسیان چوٹی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی سے باہمی ملاقات کریں گے۔ وائیٹ ہاؤس نے یہ آج یہ بات بتائی۔ دوپہر میں صدر امریکہ بارک اوباما وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ دونوں قائدین اس ملاقات کے دوران جی ۔ 20 چوٹی کانفرنس کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے ۔ دو سال کے دوران نریندر مودی اور اوباما کے درمیان یہ آٹھویں ملاقات ہوگی۔ ان دونوں نے پہلی مرتبہ ستمبر 2014ء کو وائیٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔ اس وقت نریندر مودی نے واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کیا تھا۔ اوباما کی دعوت پر وہ واشنگٹن پہنچے تھے۔ کل کی باہمی ملاقات کے دوران وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کے دن چین کے شہر ہنگژاہو میں جی ۔ 20 کانفرنس کے موقع پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ صدر امریکہ نے جی ایس ٹی پر مودی کی جرأتمندانہ پالیسی کی ستائش کی۔ صدر اوباما نریندر مودی سے ملاقات کے فوری بعد لاؤس میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے اور وہ جاپان کے شہر یوکاٹا سے ہوتے ہوئے امریکہ کیلئے روانہ ہوں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم نریندر مودی وینٹیان پہنچے جہاں پر انہوں نے وزیراعظم جاپان شینزوابے سے ملاقات کی۔ ہندوستان اور جاپان نے انسداد دہشت گردی سیول نیوکلیئر تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور ان شعبوں کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے یہاں قومی کنونشن سنٹر پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم جاپان ابے سے اظہارتعزیت کیا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش میں دہشت گرد حملہ کے دوران جاپانیوں کے جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ دولت اسلامیہ نے ایک مشہور کیفے پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ وزیراعظم جاپان نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی سرگرمیوں میں مضبوط تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں قائدین نے تقریباً 45 منٹ تک بات چیت کی۔ نریندر مودی نے آسیان ۔ ہند اور ایسٹ ایشیاء چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے دارالحکومت لاوٹین پہنچے تھے۔ دونوں قائدین نے تجارت اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم مودی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ جاپان کے پاس اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی اور اختراعی صلاحیتیں موجود ہیں جبکہ ہندوستان کے پاس نوجوانوں کی طاقت ہے اور ہندوستان میں ایک وسیع مارکٹ پایا جاتا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے بتایا کہ ہندوستان اور جاپان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بناتے ہوئے عالمی معیار کی اشیاء تیار کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں جاپانی انڈسٹریل پارکس کے قیام کے بارے میں بھی دونوں قائدین نے تبادلہ خیال کیا۔ جہاز سازی کے شعبہ میں دونوں ملکوں نے تعاون سے بھی اتفاق کیا ہے۔ مودی نے ہندوستانی انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور مہارت پیدا کرنے میں جاپان کے تعاون کی ستائش کی۔ وزیراعظم جاپان نے سال 2017ء کو ہند ۔ جاپان ثقافتی معاہدہ کی 60 ویں سالگرہ کی علامت کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم جاپان نے کہا کہ وہ نریندر مودی کے اس دورہ پر مطمئن ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ اس طرح کی سالانہ چوٹی کانفرنس کے انعقاد سے ہند ۔ جاپان تعاون کے نئے شعبوں کو فروغ دیا جائے گا۔