انیل امبانی کی کمپنی دیوالیہ ہونے کا اعلان

ریلائینس کمیونیکیشن لمیٹیڈ پر قرض کا بھاری بوجھ ، خسارہ سے دوچار ، انیل امبانی

ممبئی ۔ یکم / فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) ریلائینس کمیونیکیشن لمیٹیڈ کمپنی کے دیوالیہ ہونے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ اس کمپنی نے آج کہا کہ وہ دیوالیہ سے باہر نکلنے کیلئے نیشنل کمپنی لاء ٹریبونل سے رجوع ہوگی تاکہ اس کیس کا حل نکل سکے ۔ یہ عدالت دیوالیہ کیسوں سے نمٹتی ہے اور جو کمپنیاں دیوالیہ کا شکار ہوگئی ہیں انہیں بچانے کی کوشش کرتی ہیں ۔ انیل امبانی کی کمپنی ریلائینس کمیونیکیشن لمیٹیڈ نے کہا کہ اس کے اثاثہ جات سے کوئی آمدنی نہیں ہور ہی ہے اور نہ ہی قرض سے چھٹکارہ پانے کی کوئی راہ نکل رہی ہے ۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران اس مسئلہ پر بات چیت ہوتی رہی لیکن کوئی اتفاق رائے پیدا نہیں ہوا اور نہ ہی اس کا کوئی امکان نظر آرہا ہے ۔ اس کے بعد ہی کمپنی نے دیوالیہ کا اعلان کیا اور دیوالیہ سے نمٹنے والی عدالت سے رجوع ہوکر چھٹکارہ دلانے کی درخواست کی ہے ۔ قرض میں مبتلا ٹیلیکام کمپنی انیل امبانی کی ملکیت ہے ۔ مارچ 2017 ء میں اس نے بینکوں سے 7 ملین قرض حاصل کئے تھے اور اسی سال اس نے برسرعام اپنے قرض کی سطح کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اسے مزید قرض کی ضرورت ہے ۔