انکت سکسینہ کے والدین افطار پارٹی دیں گے ۔

نئی دہلی : عشق اور محبت کو رسوا کرنے کیلئے مذہب کا سہارا لینے او راس بنیاد پر مذہبی منافرت کا پھیلانیووالوں کو اپنے گالوں پرزور دار طمانچہ رسید کرنے کا احساس ہورہا گا ۔یہ طمانچہ کسی او رنے نہیں بلکہ مقتول انکت سکسینہ کے والد نے مذہب کے نام پر سماج کو بانٹنے والوں اور نفرت پھیلانے والوں کو رسید کیا ہے ۔

کیو ں کہ دوسرے مذہب کی لڑکی سے محبت کرنے کی وجہ سے جان گنوا نے والے انکت کے والدین افطار کی دعوت دیں گے ۔انکت کے والدین روزہ داروں کو افطار کرواکر آپسی بھائی چارہ او رمحبت کے پیغام کو عام کرنا چاہتے ہیں ۔اپنے اکلوتے لڑکے کو کھودینے کے بعد انکت کے والدین نے افطار پارٹی دینے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کی ہرستائش ہورہی ہے ۔کہا جارہا ہے کہ انکت کا جہاں قتل ہوا تھا اسی مقام پر افطار پارٹی کا نظم کیا جارہا ہے ۔

فی الحال وہاں ایک تلسی کا پودا لگا دیا گیا ہے ۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انکت کے والد یشپال نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ میرے لڑکے کے ساتھ کیا ہوا ۔میں کچھ ایسا کرنا چاہتا ہوں کہ میرے لڑکے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ افطار پارٹی کا مقصد یہی ہے کہ سماج میں بھائی چارہ بڑھے ۔

ا سکے لئے انہوں نے انکت کے نام سے ایک ٹرسٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

واضح رہے کہ ۲۳سالہ انکت سکسینہ کا اسی سال فروری میں قتل کردیا گیا تھا ۔انکت کا گناہ یہ تھا کہ وہ دوسرے مذہب کی لڑکی سے محبت کرتا تھا ۔لڑکی نے بھی انکت سے شادی کرنے پر ضا مندی کا اظہار کیا تھا ۔لیکن لڑکی کے گھر والوں کو یہ بات پسند نہیں تھی ۔ان لوگوں نے انکت کا سر عام گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔۳؍ جون کو سکسینہ فیملی افطار پارٹی منعقد کرے گی ۔