نئی دہلی: سراج الدین قریشی چوتھی مرتبہ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے سابق مرکزی وزیرعارف محمد خان کو بڑے فرق سے شکست دے کرجیت حاصل کی ہے۔ سراج الدین قریشی نے 1339 ووٹ حاصل کرکے حریف امیدوارکو637 ووٹوں سے شکست دی۔ حریف امیدوارعارف محمد خان کو 702 ووٹ حاصل ہوئے۔
کہا کہ ہمارے لئے کوئی چیلنج نہیں ہے۔ ہمیں پہلے دن سےکوئی پرواہ نہیں تھی۔ کیونکہ جولوگ میرے سامنے تھے، وہ جھوٹ بول رہے تھے، پروپیگنڈہ کررہے تھے اورگالیاں دے رہے تھے۔ تاہم انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکی ترقی اورکامیابی میں ان کا کوئی تعاون نہیں ہے۔ انہوں نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے لئے کوئی کام نہیں کیا ہے۔
سراج الدین قریشی نے کہا کہ ان کولگ رہا تھا کہ ہم نے کوئی کام نہیں کیا تھا۔ 15 سالوں میں اگرمیں کوئی کام نہیں کرتا توممبران کا بھروسہ کیسے برقرار رہتا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنے والے صرف اپنے ذاتی مقصد اورمفادات کے لئے میدان میں تھے۔ اگروہ جیت جاتے تواسلامک سینٹرکی اصل حالت بھی برقرارنہیں رہتی۔ کیونکہ ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ سراج الدین قریشی نے کہا کہ اللہ کی مرضی تھی، اللہ نے سینٹرکوبچالیا۔ ہم ایک بارپھرپانچ سالوں تک پوری لگن اورمحنت کے ساتھ کام کریں گے۔
نائب صدرکے لئے ایس ایم خان منتخب ہوئے ہیں۔ انہیں 1036 ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف امیدوار ایچ آرسہیل کو صرف 368 ووٹ ملے۔ واضح رہے کہ نائب صدرعہدے کے لئے پانچ امیدوارمیدان میں تھے، لیکن ایس ایم خان نے بھی بڑی جیت حاصل کی ہے۔ سراج الدین قریشی پینل کے 12 امیدوارجیت گئے ہیں جبکہ بورڈ آف ٹرسٹی میں نثاراحمد کوشکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آزاد امیدوارکی حیثیت سے قسمت آزمانے والے قمراحمد جیت گئے ہیں۔ واضح رہے کہ قمراحمد دہلی اقلیتی کمیشن کےسابق چیئرمین اورآئی پی ایس افسرکے طورپرخدمات انجام دے چکے ہیں۔ بورڈ آف ٹرسٹی کے لئے ابرار احمد، ابوذرحسین خان، احمد رضا، جمشید زیدی، قمراحمد، شرافت اللہ اورشمیم احمد الیکشن جیت گئے ہیں جبکہ ایگزیکٹیوکمیٹی کے لئے بدرالدین خان، بہاریوبرقی، شاہانہ بیگم اورسکندرحیات کو کامیابی ملی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روزسراج الدین قریشی کو ناقابل تسخیرسبقت حاصل ہوگئی توان کے حامیوں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے خوشی کا اظہارکیا۔ گزشتہ روزپیرکوصبح 10 بجے ووٹوں کی گنتی ہونی تھی، لیکن دھاندلی کے الزامات اوراعتراضات کو مدنظررکھتے ہوئے انتظامیہ نے شفافیت برقراررکھنے کی کوششوں کے درمیان ووٹوں کی گنتی کافی تاخیرسے شروع ہوئی تھی۔ شفافیت کو برقراررکھنے کے لئے ووٹوں کی گنتی کی ویڈیوریکارڈنگ کی جارہی ہے اورڈسپلے بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتواریعنی 6 جنوری 2019 کوانڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے لئے انتخاب عمل میں آیا تھا، جہاں 1800 میں سے1117 ووٹوں کی پولنگ ہوئی تھی، جبکہ پوسٹل کے ذریعہ کل 932 ووٹ آئے۔ مجموعی طورپر2049 رائے دہندگان نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے38 امیدواروں کی قسمت کافیصلہ کرنے کے لئے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ اس انتخاب میں 1165 رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال نہیں کیا ہے۔ دراصل انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے مجموعی ممبران کی تعداد 3214 ہے۔