انڈیااسلامک سنٹر کے نتائج کا آج اعلان

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے لئے آج دہلی میں ووٹنگ ہوئی۔ یہاں پر1800 ووٹوں کی پولنگ ہونی تھی، جس میں 1117 لوگوں نے ووٹ دیا، جبکہ پوسٹل کے ذریعہ 932 ووٹ آئے۔ مجموعی طورپرانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے کل ممبران کی تعداد 3214 ہے۔ اس طرح سے کل 1165 ممبران نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے انتخابات میں ووٹنگ کے وقت زبردست جوش وخروش کا ماحول دیکھنے کوملا۔ سراج الدین قریشی اورعارف محمد خان میں کانٹے کی ٹکرہوتی ہوئی نظرآئی۔ حالانکہ دہلی میں ہوئی ووٹنگ میں سراج الدین قریشی بھاری پڑتے نظرآئے۔ اب عہدیداران کی قسمت کا  باضابطہ اعلان آج پیرکوووٹوں کی گنتی کے بعد ہوگا۔

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے الیکشن میں کل 38 امیدوارتھے، جن میں تین خواتین اورایک غیرمسلم امیدوارشامل تھا۔ صدرکے لئے دو امیدوار سراج الدین قریشی اورعارف محمد خان آمنے سامنے تھے جبکہ نائب صدرکے لئے پانچ امیدواروں نے قسمت آزمائی کی۔ نائب صدرکے لئے ایک امیدوارکومنتخب کیا جانا ہے۔

بورڈ آف ٹرسٹی کے لئے 18 امیدوارتھے جن میں سے 7 امیدوارمنتخب ہوں گے جبکہ دو حکومت کی طرف سے نامزد ہونے ہیں، اس طرح سے بورڈ آف ٹرسٹی میں 9 لوگ ہوں گے۔ ایگزیکٹیو کمیٹی کے لئے 13 امیدوارمیدان میں تھے جن میں سے چارلوگوں کو منتخب کیا جانا ہے جبکہ دولوگوں کو حکومت نامزد کرتی ہے۔ کمیٹی میں کل 6 ارکان ہوتے ہیں۔

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے لئے ہونے والی ووٹنگ میں 2049 لوگوں نے حصہ لیا ہے۔ خاص بات یہ ہے اسلامک سینٹرمیں تقریباً 600 سے زیادہ غیرمسلم رائے دہندگان ہیں۔ اس کے لئے تقریباً 100 خواتین ووٹرہیں۔ دونوں پینل کی طرف سے زبردست انتخابی تشہیرچلائی گئی تھی اورایک دوسرے پرالزام تراشی کا بھی دورچلا۔ تاہم اب تمام امیدواروں کی قسمت بند ہوگئی ہے اورپیرکوووٹوں کی گنتی کے بعد آئندہ پانچ سالوں کے لئے عہدیداران کا فیصلہ ہوگا۔