انڈونیشیا :زلزلہ کے دوبارہ جھٹکے ، دو لاکھ افراد امداد کے خواہاں

جکارتہ،2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے سلاویسی جزیرے میں زلزلہ اور اس کے بعد آئی سونامی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی مچنے کے چار دن بعد منگل کو جنوب میں فلورس جزیرے کے قریب زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔امریکی جیوگرافیکل سروے (یوایس جی ایس ) نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز فلورس میں اینڈے کے جنوب مغرب میں تھا۔ اس کی شدت ریختر پیما پر پہلے 6.2 بتائی گئی لیکن بعد میں یوایس جی ایس نے بتایا کہ اس کی شدت 5.9 تھی۔زلزلہ کی وجہ سے جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ سلاویسی جزیرے میں آئے زلزلہ اور سونامی کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1200 سے زائد ہوچکی اور 61غیر ملکی شہریوں سمیت بہت سے لوگ لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ اقوام متحدہ انسانی امور کی تنظیم (یو این او سی ایچ اے ) نے کہا ہے کہ انڈونیشیا کے وسطی سلاویسی صوبہ میں کئی بار زلزلے اور سونامی آنے کے بعد 191000 سے زائد افراد کو فوری طور پر ا مداد کی ضرورت ہے ۔ان میں 56 فیصد لوگ دیہی اور باقی شہری آبادی ہیں۔ انہیں کھانے ، صاف پانی اور پناہ گاہ کی ضرورت ہے ۔انڈونیشیا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور لوگوں کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسی ڈیٹا سینٹر کے مطابق پالو، ڈونگلا ، پرگ ماؤنٹونگ اور شمالی مموجو اضلاع میں 1203 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق، تباہی میں 540 لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے اور 16,732لوگوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور ھونا پڑا۔