انڈونیشیا:ایئر ہوسٹس کو حجاب کی پابندی کے احکامات

جکارتہ،یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں آچے کی صوبائی حکومت نے ملک کی تمام فضائی کمپنیوں کو احکامات دئیے ہیں کہ وہ ہوائی جہازوں میں خواتین میزبانوں کو حجاب کا پابند بنائیں۔جزیرہ سماٹرا کے شمال میں واقع صوبہ آچے میں اسلامی شرعی قوانین نافذ ہیں اورصوبے میں خواتین کے حجاب اختیار کرنے کو لازمی قرار دیاگیا ہے ۔غیر مسلم خواتین کے لیے بھی لباس کا نیا ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں عام مقامات پر بازو اور پنڈلیاں ڈھانپ کر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے البتہ ان کے سر ڈھانپنے پر پابندی نہیں، وہ بال کھلے رکھ سکتی ہیں۔خیال رہے کہ آچے صوبہ نے 2001 میں خود مختاری حاصل کی تھی۔ اس صوبے نے طویل عرصے تک علیحدگی کے لیے تحریک چلائی تھی۔ یہ صوبہ انڈونیشیا کے دیگر تمام صوبوں سے مختلف ہے اور یہاں پرمقامی حکومت اسلامی شرعی قوانین کے نفاذ میں دلچسپی رکھتی ہے ۔