اننت ناگ میں مسلح تصادم، جیش محمد سے وابستہ پاکستانی جنگجو ہلاک

سری نگر ، 24اگست (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے وائیلو ککر ناگ میں جمعہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں جنگجو تنظیم جیش محمد سے وابستہ ایک پاکستانی جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ مسلح تصادم کے مقام پر مقامی نوجوانوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں تین شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ ان میں سے ایک احتجاجی نوجوان سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دو رہائشی مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ پولیس کی طرف سے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاکہ وائیلو ککر ناگ میں مسلح تصادم کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا ہے ۔ برآمد ہونے والے ممنوعہ مواد سے معلوم ہوا ہے کہ مہلوک جنگجو جیش محمد سے وابستہ پاکستانی جنگجو تھا۔ وہ سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر ہوئے کئی حملوں میں ملوث تھا’۔ بیان میں مزید کہا گیا ‘پولیس نے واقعہ کی نسبت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ‘۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق علاقہ میں جنگجوؤں کی حمایت میں سڑکوں پر آنے والے نوجوانوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں تین احتجاجی نوجوان کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاعات ہے ۔جھڑپوں کے دوران یاور احمد نامی نوجوان سر میں گولی لگنے سے شدید طور پر زخمی ہوا ہے ۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کروادی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وائیلو ککر ناگ کے گڈول نامی گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی)، اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیم نے گذشتہ نصف شب کو مذکورہ گاؤں میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران طرفین کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا جس کے بعد مسلح تصادم چھڑ گیا’۔ انہوں نے مزید بتایا ‘تصادم کے مقام سے ایک جنگجو کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ اس دوران پولیس سربراہ ایس پی وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘اننت ناگ کے ککر ناگ علاقہ میں مسلح تصادم جاری تھا۔

اننت ناگ میں مسلح تصادم جاری، انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئیں
سری نگر ، 24اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ککر ناگ میں جمعہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کے مطابق علاقہ میں دو سے تین جنگجو موجود ہیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کروادی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گڈول ککرناگ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے گذشتہ نصف شب کو مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا ‘سرچ آپریشن کے دوران طرفین کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا جس کے بعد مسلح تصادم چھڑ گیا’۔ انہوں نے مزید بتایا ‘علاقہ میں آپریشن جاری ہے ‘۔ اس دوران پولیس سربراہ ایس پی وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘اننت ناگ کے ککر ناگ علاقہ میں مسلح تصادم جاری تھا۔ علاقہ میں مبینہ طور پر دو سے تین جنگجو موجود تھے ۔