انسپکٹر نے گھٹنے ٹیک کر یوگی کا آشیر واد لیا

یونیفارم میں پولیس افسر کی حرکت سوشیل میڈیا پر وائرل

لکھنؤ ۔ /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ یوگی کے سامنے گھٹنے ٹیک کر آشیرواد لیتے ہوئے یونیفارم میں پولیس آفیسر کی تصاویر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی کئی گوشوں سے تنقیدیں کی جارہی ہیں ۔ پروین سنگھ نامی پولیس آفیسر نے گورکھ ناتھ مٹھ کے مہنت آدتیہ ناتھ یوگی کے سامنے احترام سے جھک کر ان کا آشیرواد لیا ۔ انہوں نے دونوں ہاتھ جوڑ کر آشیرواد مانگا تو چیف منسٹر نے ان کے سر پر ہاتھ رکھا ۔ آدتیہ ناتھ یوگی اس مندر کے مہنت بھی ہیں ۔ پروین سنگھ کو گورکھپور میں گروکنتھ کا سرکل آفیسر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے اور انہیں مندر کی سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے مقرر کیا گیا تھا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پولیس عہدیدار نے چیف منسٹر کے سامنے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے تصویر کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کیا ہے ۔ اس پر ان کے فالوورس نے برہمی ظاہر کی ۔ سوشیل میڈیا پر پولیس آفیسر کا یونیفارم کے ساتھ یوگی کے سامنے جھک جانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ انسپکٹر نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مندر میں سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے رکھا گیا تھا میں اپنی ڈیوٹی پوری کرنے کے بعد پوری عقیدت سے وہاں پہونچا جہاں عقیدت مند چیف منسٹر یوگی کا آشیرواد لے رہے تھے میں نے بھی سر پر دستی باندھ کر ان سے آشیرواد لیا ۔