انتخابی مہم میں ہلاری کلنٹن اور مشیل اوباما کا خطاب

ونسٹن سالیم (نارتھ کیرولینا)، 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی عہدہ کی امیدوار ہلاری کلنٹن کو انتخابی مہم میں امریکہ کے صدر بارک اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما کا ساتھ ملا ہے اور دونوں نے پہلی بار ایک ساتھ مل کر عوام سے خطاب کیا۔امریکہ کے صدارتی انتخاب میں دو ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور پہلی بار منصب صدارت کے لیے ایک امیدوار سابق خاتون اول نے جمعرات کو موجودہ خاتون اول کے ساتھ اپنی انتخابی مہم میں حامیوں سے خطاب کیا۔مشیل اوباما نے سابق خاتون اور ڈیموکریٹ امیدوار ہلاری کلنٹن کی شمالی کیرولائنا کے شہر ونسٹن سالم میں ہونے والی ریالی سے اپنے روایتی انداز میں خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاری کلنٹن منصب صدارت کے لیے کسی بھی دوسرے امیدوار سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارک اوباما اور بل کلنٹن سے بھی زیادہ تجربہ کار لہذا وہ ایک دن کمانڈر انچیف بننے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ہاں وہ ایک خاتون ہیں۔کسی کا نام لیے بغیر مشیل اوباما نے ریالی کے شرکا پر زور دیا کہ وہ انتخاب کو دھاندلی زدہ قرار دے کر "غلیظ اور مکروہ” بنانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص پر اعتبار نہ کریں۔محترمہ مشیل اوباما کا مزید کہنا تھا کہ ‘وہ (مخالفین)کوشش کر رہے ہیں کہ آپ لوگ گھروں پر ہی رہیں، وہ آپ کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آپ کا ووٹ اہمیت نہیں رکھتا، اور نتیجہ پہلے ہی آچکا ہے ۔۔۔وہ آپ سے آپ کی امید چھیننا چاہتے ہیں۔۔۔امریکہ میں ووٹرز ہمارے انتخابات کا فیصلہ کرتے ہیں اور بس۔سابق اور موجودہ خواتین اول ایک دوسرے سے گلے ملیں اور ایک دوسرے کو اپنا ‘دوست قرار دیا۔محترمہ ہلاری نے کہا کہ خاتون اول کے بارے میں بہت سی چیزیں ہیں جن کی میں قدردان ہوں۔ مشیل ہمیں محنت کرنے ، اپنی اقدار سے جڑے رہنے ، ایک دوسرے سے اچھا برتاو کرنے کی یاد دلاتی ہیں۔واضح رہے کہ شمالی کیرولائنا کا شمار ان چند ریاستوں میں ہوتا ہے جو کہ کسی بھی امیدوار کی فتح کے لیے اہم قرار دی جاتی ہیں۔

انتخابات منسوخ کر کے مجھے فاتح قرار دینا چاہئے :ٹرمپ
ٹولیڈو، اوہائیو، 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلاری کلنٹن کی تجارتی پالیسیوں کے لئے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاروباری سودوں کو اس طرح سنبھالیں گی کہ ملک کو ‘انتخابات منسوخ کر دینا ‘اور انہیں فاتح قرار دے دینا چاہئے ۔ٹرمپ نے اوہائیو کے ٹولیڈو میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کل کہا کہ محترمہ کلنٹن کے شوہر سابق صدر بل کلنٹن کی طرف سے دستخط شدہ شمالی امریکہ آزاد تجارت معاہدے سے اوہائیو کی ہزاروں ملازمتیں میکسیکو چلی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ 8 نومبر کے انتخابات میں صدر منتخب ہوئے تو اس معاہدے کو روک دیں گے ۔