16 کیلومیٹر طویل پٹی پر بشمول دلسکھ نگر ، ملک پیٹ ، املی بن ، معظم جاہی مارکٹ ، مہدی پٹنم 17اسٹیشنس
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (پی ٹی آئی) حیدرآباد میٹرو ریل پیر سے امیر پیٹ تا ایل بی نگر 16 کیلومیٹر روٹ پر اپنی خدمات کے آغاز کیلئے پوری طرح تیار ہوچکی ہے جس کے ساتھ اس ساری راہداری 1 کا مرحلہ کارکرد ہوجائے گا۔ میٹرو ریل سیفٹی کے کمشنر نے معائنہ کے بعد اس پٹی پر مسافرین ٹرین چلانے کیلئے سیفٹی سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے۔ آندھرا پردیش و تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن پیر 24 ستمبر کو دوپہر 12 بجے امیرپیٹ اسٹیشن پر جھنڈی دکھاکر میٹرو ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ (ایچ ایم آر ایل) کے مینیجنگ ڈائریکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ ’’17 اسٹیشنوں کے ساتھ یہ 16 کیلومیٹر طویل پٹی ہے جس کے ساتھ ہی میاں پور تا ایل بی نگر 29 کیلومیٹر طویل راہداری 1 پوری طرح کارکرد ہوجائے گی۔ عوامی و خانگی ساجھیداری کے شعبہ میں 72 کیلومیٹر طویل حیدرآباد میٹرو ریل دُنیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نومبر 2017ء میں 30 کیلومیٹر طویل میاں پور ۔ ناگول پٹی کا افتتاح کیا تھا۔ 30 کیلومیٹر طویل کارکرد پٹی پر 24 اسٹیشنس کارکرد ہیں۔ این وی ایس ریڈی نے مزید کہا کہ ’’امیرپیٹ تا ایل بی نگر روٹ کے کارکرد ہونے کے ساتھ کارکرد میٹرو اب 46 کیلومیٹر طویل ہوجائے گی جو دہلی کے بعد ملک میں دوسری سب سے بڑی میٹرو سرویس ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 کیلومیٹر طویل امیرپیٹ ہائی ٹیک سٹی لائن اس سال ڈسمبر سے شروع ہوگی۔ جوبلی بس اسٹیشن اور املی بن کی ایم جی بی ایس کے درمیان 10 کیلومیٹر طویل پٹی وسط 2019ء سے کارکرد ہوگی۔ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد پہلے ہی تمام ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر 360 ڈگری احاطہ کرنے والے سی سی ٹی وی، بیگیج اسکیانرس، داخلہ کے دروازوں پر میٹل ڈیٹیکٹرس نصب کرچکی ہے۔ 30 کیلومیٹر میاں پور ۔ ناگول روٹ پر حیدرآباد میٹرو سے یومیہ 85000 مسافرین استفادہ کررہے ہیں۔ 4 ستمبر کو اس نے اعلان کیا تھا کہ نومبر 2017ء میں اس کے آغاز کے بعد تاحال 2 کروڑ مسافر اس سے سفر کرچکے ہیں۔