مدھیہ پردیش میں ’ماماجی ‘ کی حکمرانی کرپشن کا دور ۔ چیف منسٹر چوہان کے بیٹے کا نام پناما پیپرس میں آیا ، کارروائی نہ ہوئی :راہول
جھابوا (مدھیہ پردیش) ۔ 29 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ 2016 ء میں نوٹ بندی چند امیر لوگوں کے کالے دھن کو سفید میں بدلنے کیلئے انجام دی گئی اور یہ کہ وزیراعظم نریندر مودی وہ جادوگر ہیں جس نے یہ اقدام عمل میں لایا۔ اسمبلی انتخابات والی ریاست مدھیہ پردیش میں اپنی انتخابی مہم کے تحت یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کو بھی نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اُن کی حکمرانی کے دوران اس ریاست میں کرپشن کا دور دورا ہوگیا ہے ۔انھوں نے دعویٰ کیاکہ ’ماما جی ‘ جو چیف منسٹر کو کہا جاتا ہے اُن کے بیٹے کا نام پناما پیپرس میں آیا ہے ، لیکن اُس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اگرچہ راہول نے خصوصیت سے چیف منسٹر کی شناخت نہیں کی لیکن وہ ممکنہ طورپر چوہان کا ذکر کررہے تھے کیونکہ وہی مقبول طورپر ماماجی کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ راہول نے کہاکہ اُدھر چوکیدار ، اِدھر ماما جی ۔ ماما جی کے جو بیٹے ہیں پناما پیپرس میں اُن کا نام نکلتا ہے ۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام بھی نکلتا ہے ۔ پاکستان جیسے دیش میں اُن کو جیل میں ڈال دیتے ہیں مگر یہاں کے چیف منسٹر کا بیٹا جس کانام پناما پیپرس میں آیا اُس کو کوئی کارروائی کا سامنا نہیں ہوتا ہے۔ بی جے پی نیشنل جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ شاید راہول اُجین میں مہانکال مندر کے درشن کرنے اور پرساد لینے کے بعد اس سے متاثر ہوگئے اور یہ بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔ اسٹیٹ بی جے پی کے ترجمان رجنیش اگروال نے اس الزام کو ہنسی میں اُڑاتے ہوئے ریمارک کیا کہ میں نے سوشل میڈیا میں سنا ہے کہ وہ اپنے ہوش میں نہیں ہیںاور اسی انداز میں تقریر کررہے ہیں ۔ جھابوا کی تقریر ثابت کرتی ہے کہ وہ ذہنی طورپر ناپختہ ہیں اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہیں۔ تاہم راہول نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ چیف منسٹر چوہان کے دور میں ریاست میں جگہ جگہ بدعنوانی دیکھنے میں آرہی ہے جس میں ویاپم ، ای ٹنڈرنگ اور مہاکمبھ میلہ شامل ہیں۔ نوٹ بندی کا ذکر کرتے ہوئے راہول نے دعویٰ کیاکہ یہ عمل چند امیر لوگوں کے کالے دھن کو سفید میں بدلنے کیلئے کیا گیا اور مودی جی وہ جادوگر ہیں جس نے کالے دھن کو سفید میں بدلنے کا کام کیا۔ ’’کیسا جادوگر ہے ۔ کمال کا جادوگر ہے ۔ امیروں کیلئے جادو کرتا ہے ۔ ‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ چوکیدار نے چوری کروادی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے سوال کیا کہ جب نوٹ بندی کا اعلان کیا گیا کیا یہاں پہ ماؤں کو قطاروں میں کھڑے ہونا پڑا ؟ کیا آپ نے اُن دنوں کوئی امیر آدمی کو قطار میں کھڑے دیکھا ؟ ابتدائی دو تین دنوں میں عوام نے سونچا تھا کہ یہ درست اقدام ہے لیکن دو تین ماہ کے بعد اُنھیں پتہ چلا کہ درحقیقت کیا ہوا ۔