امیت شاہ نے راجستھان کے دلت خاندان کیساتھ لنچ کیا

جئے پور ۔23جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے اپنے سہ روزہ دورہ راجستھان کے آخری دن آج یہاں ایک دلت خاندان کے ساتھ لنچ لیا ۔ شاہ اپنی پارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں سلسلہ وار اجلاسوں کے بعد سشیل پورہ روانہ ہوئے جہاں وہ بی جے پی یوا مورچہ کے رکن رمیش پچاریہ کے گھر دوپہر کا کھانا کھایا ، اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ ان کے ساتھ چیف منسٹر وسندھرا راجے ، پارٹی کے ریاستی صدر اشوک پرنامی ، رکن پارلیمنٹ بھوپندر یادو اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ جن کا روایتی راجستھانی انداز میں پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ پچاریہ کے گھر ان قائدین نے فرش پر بیٹھ کر دوپہر کا کھانا کھایا ۔ پچاریہ نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’میری ماں نے پارٹی صدر کیلئے دال ، چاول ، حلوہ ، کھیر تیار کی تھیں۔ امیت شاہ کی آمد سے قبل کئی بی جے پی قائدین نے پچاریہ کے گھر پہونچکر تیاریوں کا جائزہ لیا تھا ۔ وزیر سماجی انصاف ارون چترویدی نے کہاکہ پارٹی نے اپنے بوتھ کی سطح کے ورکر پچاریہ کا گھر کا انتخاب کیا تھا جو ان کی ذات کی بنیاد پر نہیں بلکہ پارٹی کے لئے ان کے کام کی بنیاد پر کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ وہ ان کی پارٹی نہیں بلکہ میڈیا ہے جو اس ضمن میں ذات پات اور دلت عنصر دیکھ رہا ہے ۔ سشیل پورہ کی تنگ گلیوں میں کمتر درجہ کے متوسط طبقہ اور دلت خاندانوں کی کثیرآبادی ہے ۔ یہ محلہ شہر کے وسط میں موجود ہیں جہاں پہلی مرتبہ کسی انتہائی اہم ترین شخصیت کا دورہ ہوا ہے ۔