واشنگٹن ۔ یکم / اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جو ممالک دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتے ہیں انہیں زبردست قیمت ادا کرنے پر مجبور کرنا ہوگا ۔ وزیر خارجہ سشما سواراج نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پر راست تنقید کی اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ممبئی دہشت گرد حملے کے کلیدی سازشی پاکستان میں آزادانہ نقل و حرکت کررہے ہیں ۔ ہندوستان کی امن کیلئے ایک نکاتی تجویز پاکستان کو یہ ہے کہ وہ دہشت گردی ترک کردیں ۔ دہشت گردوں پر مقدمہ چلائے یہی واحد راستہ ہے ۔ وہ واضح طور پر ذکی الرحمن لکھوی کا حوالہ دے رہی تھیں ۔ انہوں نے نواز شریف کے چارنکاتی امن تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ صرف ایک بات کافی ہے کہ پاکستان دہشت گردی ترک کردے اور دونوں ممالک باہم بات چیت کریں ۔