شکاگو ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں آئندہ ہفتہ منعقد شدنی وسط مدتی انتخابات میں دو مسلم خواتین کا انتخاب تقریباً یقینی سمجھا جارہا ہے اور وہ بھی ایک ایسے وقت جب امریکہ میں مسلم مخالف اور تارکین وطن مخالف ماحول نے حالات کشیدہ کر رکھے ہیں۔ الہان عمر جو ایک صومالی پناہ گزین ہیں، ان کے بارے میں کہا جارہا ہیکہ ڈیموکریٹک کے گڑھ سمجھے جانے والی ریاست منی سوٹا سے موصوفہ ایوان نمائندگان کیلئے منتخب کرلی جائیں گی کیونکہ یہیں سے ان کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ دوسری طرف ڈیٹرائیٹ میں فلسطینی تارکین وطن کے خاندان میں پیدا ہوئیں رشیدہ طلیب ہیں جو ایک سماجی کارکن ہیں، ان کے بارے میںکہا جارہا ہیکہ موصوفہ ایوان کیلئے بلامقابلہ منتخب ہوجائیں گی۔ اس طرح یو ایس کانگریس میں خدمات انجام دینے والی یہ دونوں پہلی خاتون ہوں گی۔ ان کی جیت کے بعد کانگریس میں مسلمانوں کی جملہ تعداد تین ہوجائے گی۔ کانگریس میں آندرے کارسن جو ایک افریقی نژاد امریکی مسلمان ہیں، کے بارے میں کہا جارہا ہے وہ ریاست انڈیانا سے جو ان کا محفوظ انتخابی حلقہ ہے، سے دوبارہ بہ آسانی منتخب ہوجائیں گے۔