امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی میکسیکو کے منتخبہ صدر سے ملاقات

وائیٹ ہاؤس مشیر اور ٹرمپ کے داماد جارڈکوشنر بھی وفد کا حصہ
امریکہ اور میکسیکو کے درمیان کشیدگی میں کمی کے آثار

واشنگٹن ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو ایک کابینی سطح کے وفد کے ساتھ میکسیکو کا دورہ کررہے ہیں کیونکہ حالیہ دنوں میں میکسیکو میں ہوئے انتخابات کے بعد وہاں کے سیاسی حالات میں کافی تبدیلیاں پیدا ہوئی ہیں اور امریکہ یہ چاہتا ہیکہ اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ کشیدگی کو خوشگوار تعلقات میں تبدیل کرلیا جائے۔ مائیک پومپیو کے ساتھ صدر ٹرمپ کے داماد اور وائیٹ ہاؤس مشیر جارڈکوشنر، ٹریژری سکریٹری اسٹیون موچین اور ہوم لینڈ سیکوریٹی سکریٹری کرسٹین نیلسن ہوں گے۔ یاد رہیکہ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد میکسیکو کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کافی بگڑ چکے ہیں کیونکہ ٹرمپ کا کہنا ہیکہ غیرقانونی طور پر میکسیکو سے امریکہ آنے والوں اور منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں نے امریکہ میں سماجی برائیاں اور مسائل پیدا کردیئے ہیں۔ ٹرمپ میکسیکو کی سرحد پر ایک بلند اور طویل دیوار تعمیر کروانے بضد ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ دیوار کی تعمیر کے اخراجات میکسیکو ادا کرے جس سے میکسیکو نے صاف انکار کردیا ہے۔ بہرحال بائیں بازو کے قائد اینڈریس مینوئل لوپیز کی انتخابات میں کامیابی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے اثار نظر آرہے ہیں۔ دونوں قائدین نے جاریہ ماہ کے اوائل پر ٹیلیفون پر بات چیت بھی کی تھی اور اس دوران ’’دیوار‘‘ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ اینڈریس مینوئل لوپیز منتخبہ صدر ہیں اور وہ ڈسمبر میں سبکدوش ہونے والے صدر انریک پنیانیئو کی جگہ لیں گے۔
سری لنکا میں اجتماعی قبر دریافت
کولمبو ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے سابق جنگی علاقہ میں ایک اجتماعی قبر سے 38 انسانی ڈھانچے دریافت ہوئے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں 2009ء میں سرکاری افواج اور تمل ٹائیگر باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہوئی تھی۔ سری لنکا کے شمالی مستقر منار میں ایک پرانے کوآپریٹیو اسٹور کی جگہ نئی تعمیر کیلئے جب کھدوائی کی گئی تو انسانی ڈھانچے برآمد ہوئے۔ یہ کھدوائی ماہ مارچ میں ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اب تک اس مقام پر کھدوائی کے کام کی نگرانی منار مجسٹریٹ ایم پربھاکرن کو سونپی گئی ہے جو آئندہ کھدوائی کے ذمہ دار ہوں گے۔ اب جبکہ جوڈیشیل میڈیکل افسران تحقیقات میں مصروف ہیں، اجتماعی قبر سے دریافت کئے گئے انسانی ڈھانچوں کو منار ہاسپٹل میں رکھا گیا ہے جبکہ پولیس نے تعمیراتی مقام کی ناکہ بندی کردی ہے۔