واشنگٹن۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ری پبلکن پارٹی کے سرکردہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیمو کریٹک پارٹی کی امیدوار ہلاری کلنٹن نے پانچ شمال مشرقی ریاستوں میں اپنے حریف امیدواروں کو پچھاڑ دیا ہے اور اب نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان دونوں کے مدمقابل آنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔منگل کے روز امریکہ کی پانچ ریاستوں پنسلوینیا ،میری لینڈ ،کونیکٹی کٹ ،رہوڈ آئسلینڈ اور ڈلاویر میں صدارتی نامزدگی کی دوڑ کے لیے مقابلہ ہوا تھا اور ان پانچ ریاستوں میں ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے حریفوں جان کیسیچ اور ٹیڈ کروز کو بآسانی شکست دے دی ہے۔انھوں نیان ریاستوں کی کم وبیش ہر کاؤنٹی میں فتح حاصل کی ہے۔ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار ہلاری کلنٹن نے اپنے حریف برنئی سینڈرس کے مقابلے میں چار ریاستوں میری لینڈ ،ڈلاویر ،پنسلوینیا اور کونیکٹی کٹ میں فتح حاصل کی ہے اور رہوڈ آئسلینڈ میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلاری کلنٹن نے ان ریاستوں میں کامیابی کے بعد اپنی ریلیوں میں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مسٹر ٹرمپ نے نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا:” میرے خیال میں وہ (ہلاری) ایک کمزور امیدوار ہیں اور انھیں بہ آسانی شکست دی جاسکتی ہے”۔انھوں نے ہلاری کلنٹن کے بطور وزیر خارجہ ریکارڈ اور سینیٹ میں عراق جنگ کے حق میں ووٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انھیں بس ایک ہی فائدہ حاصل ہے کہ وہ ایک خاتون ہیں اور امریکا کی پہلی خاتون صدر بننا چاہتی ہیں۔