امریکی سفیر متعینہ ہند کینتھ جیسٹر کا دورہ گنبدان قطب شاہی

حیدرآباد میں تہذیب و تمدن اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کی ستائش ، گنبدوں کی تزئین نو کا جائزہ
حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) امریکی سفیر متعینہ ہند مسٹر کینتھ جیسٹر نے گنبدان قطب شاہی کا دورہ کرتے ہوئے تزئین نو کے کاموں کی سراہنا کی اور کہا کہ حیدرآباد کی ثقافتی تہذیب و تمدن اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں جاری یہ کوشش انتہائی ثمرآور ثابت ہورہی ہے اور اس طرح کی کوششوں کی سراہنا کی جانی چاہئے۔ مسٹر کینتھ جیسٹر جو کہ دور وزہ دورۂ حیدرآباد کے سلسلہ میں شہر میں ہیں نے آج دن میں گنبدان قطب شاہی کا دورہ کرتے ہوئے تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا اور پراجکٹ کی مکمل تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹی ۔ہب کا بھی معائنہ کیا جہاں عہدیداروں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائے جانے والے ٹکنالوجی ہب کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔ گنبدان قطب شاہی کے دورہ کے دوران امریکی سفیر کے ہمراہ قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد مسز کیتھرین ہاڈا‘ آغاخان ٹرسٹ فار کلچر کے پراجکٹ ڈائریکٹر مسٹر رتیش نندا‘ مسز این آر ویسالچی ڈائریکٹر محکمہ آرکیالوجی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ گنبدان قطب شاہی کے تزئین نو کے کاموں کے لئے امریکی سفارتخانہ کی امداد کے علاوہ آغا خان ٹرسٹ کی امداد حاصل کی جا رہی ہے اور آغاخان ٹرسٹ فار کلچر کی نگرانی میں گنبدان قطب شاہی کے تزئین نو کے کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسٹر کینتھ جیسٹر کو عہدیداروں نے گنبدان قطب شاہی کی تاریخ کے علاوہ احاطہ میں جاری کھدوائی کے کاموں کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔ تلنگانہ ٹکنالوجی ہب میں مسٹر جئیش رنجن پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی نے امریکی سفیر کا خیر مقدم کیا اور انہیں ٹی ۔ہب کے ذریعہ انجام دی جانے والی خدمات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ٹی۔ ہب کے ذریعہ حکومت نئے صنعتی ادارے شروع کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور تربیت کی فراہمی کے انتظامات کر رہی ہے تاکہ ان کی اپنی تحقیق اور صنعت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ مسٹر کینتھ جیسٹر نے ٹی ۔ہب کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں موجود امریکی سفارتخانہ میں بھی نئے اسٹارٹ اپ شروع کرنے والے کی رہبری و رہنمائی کے علاوہ ان کی تربیت اور مواقع کی تفصیلات سے واقف کروانے کے لئے ایک اطلاعتی مرکز قائم کیا گیا ہے اور اس طرح کے مراکز نئے اسٹارٹ اپ شروع کرنے والوں کے لئے انتہائی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔مسٹر جئیش رنجن نے امریکی سفیر کو ٹی۔ہب کی توسیع کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ موجودہ عمارت میں فراہم کی جانے والی خدمات کو حاصل ہونے والی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسی عمارت سے متصل احاطہ میں مزید ایک اور عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد اس عمارت کی تکمیل کے بعد ٹی۔ہب میں فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید وسعت دی جائے گی اور استفادہ کنندگان کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے۔