امریکی دستبرداری کے بعد یورینیم افزودگی دوبارہ شروع کرینگے: روحانی

تہران۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ وہ اس نیوکلیئر معاہدہ پر قائم رہیں گے اور اس حوالے سے چین، روس اور دیگر یوروپی ممالک سے مشاورت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاہدہ ٹوٹا تو ایران نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کے لیے یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرے گا۔ حسن روحانی نے امریکی صدر ٹرمپ کے خطاب کے فوری بعد ہی سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے ایرانی عوام سے کہا کہ وہ اس فیصلے کے معاشی نتائج کی فکر نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب سے یہ معاہدہ ایران اور پانچ ممالک کے درمیان ہے اور ہم کسی فیصلے کا اعلان کرنے سے قبل چند ہفتے انتظار کریں گے اور 2015ء کے معاہدے میں شامل دیگر ممالک اور یوروپی یونین کے ساتھ بات کریں گے۔ حسن روحانی نے کہا کہ ایران امریکی صدر کے نیوکلیئر معاہدے سے نکلنے کے بعد جواب میں یورینیم کی لامحدود افزودگی دوبارہ شروع کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایرانی اٹامک اینرجی آرگنائزیشن کو مستقبل کی کارروائیوں کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہم لامحدود صنعتی افزودگی دوبارہ شروع کرسکیں۔ ایرانی صدر نے ڈونالڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کو ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ قرار دیا ہے۔