اکرہ ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ افریقہ کے دورہ پر پہلی بار اکیلے گھانا پہنچیں جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ خاتون اول خود اپنے طریقہ سے سفارتی راستے کو ہموار کرنا چاہتی ہیں۔ نیویارک کے اینڈریوز ایئر فورس بیس سے طیارہ میں سوار ہوکر اکرہ کے کوٹوکا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ان کا سرخ قالین کے ساتھ استقبال کیا گیا جہاں ان کا گھانا کی خاتون اول ربیکا اکوفو۔ اڈو اور مقامی اسکول کے طلباء نے خیرمقدم کیا جو اپنے ہاتھوںمیں گھانا اور امریکہ کے پرچم لہرا رہے تھے۔ میڈیا کی اطلاع کے مطابق اس وقت میلانیا بیحد مسرور نظر آرہی تھیں کیونکہ گھانا کے روایتی ناچ گانوں سے ان کا دل بھی بہلایا گیا۔ 7 اکٹوبر کو واشنگٹن واپس جانے سے قبل میلانیا ملاوی، کینیا اور مصر بھی جائیں گی۔