تقریب سے گورنر نرسمہن اور قونصل جنرل کیتھرین ہڈا کا خطاب
حیدرآباد 29 جون ( پریس نوٹ ) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد نے اپنا سالانہ یوم آزادانہ استقبالیہ حیدرآباد میں آج منعقد کیا ۔ یہ استقبالیہ امریکہ کی 242 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقد کیا ۔ تقریب میں گورنر تلنگانہ وآندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن نے شرکت کی ۔ شہر اور ریاست کی کئی اہم شخصیتوں نے اس تقریب میں شرکت کی جن کا استقبال قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد کیتھرین ہڈا اور ان کے شوہر مائیکل اینڈریوز نے کیا ۔ مہمانوں میں اہم سیاسی قائدین ‘ تاجرین ‘ صحافی ‘ فنکار ‘ ماہرین تعلیم اور دوسرے کئی افراد شامل تھے ۔ تقاریب کا آغاز ہندوستان اور امریکہ کے قومی ترانوں سے ہوا ۔ قونصل جنرل کیتھرین ہڈا اور گورنر نرسمہن نے تقریب سے خطاب کیا ۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب دونوں ملکوں کے مابین تعاون ‘ مشترکہ اقدار اور گہرے روابط کو ظاہر کرتی ہے جو کئی شعبوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک آپس میں عوام تا عوام رابطوں کو فروغ دیتے ہیں۔ دونوں ممالک مل کر انسانی اسمگلنگ اور صحت جیسے مسائل ٹی بی اور ایچ آئی وی ایڈز جیسے سماجی مسائل سے نمٹنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک امریکہ اور ہندوستان کی خوشحالی کو یقینی بنانے بھی اقدامات کرتے ہیں۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں امریکی قونصل خانہ کی جانب سے وجئے واڑہ میں بھی ایک یوم آزادی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں آندھرا پردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو مہمان خصوصی تھے ۔