واشنگٹن ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے آج دوہری خوشیاں منائیں۔ ایک موقع تھا ملک کی فوج کی سالگرہ اور دوسرا موقع تھا ان کی بیٹی مالیا کی 18 ویں سالگرہ کا۔ وائیٹ ہاؤس میں امریکہ کی یوم آزادی (4 جولائی) زوروشور سے منائی گئی اور اس وقت یہ خوشیاں دوبالار ہوگئیں جب اوباما نے اعلان کیا کہ آج ان کی بیٹی مالیا کی 18 ویں سالگرہ بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب جانتے ہیں کہ امریکہ کی آزادی میں فوج نے کتنا بڑا اور زبردست رول ادا کیا ہے۔ آج اس تقریب میں جو فوجی شریک نہیں ہیں ان سے یہی کہنا چاہتے ہیں کہ ہم فوجیوں کا کتنا احترام کرتے ہیں اور ان کی ہمیشہ تعریفیں کرتے نہیں تھکتے بلکہ ان کے حق میں دعائیں بھی کرتے ہیں جنہوں نے امریکہ کی آزادی کو یقینی بنایا۔ بہرحال مجھے یہ بھی کہنا ہیکہ آج بھی ملک میں ایسے کئی لوگ ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی نہیں ملتی اور جنہیں بھوکے پیٹ سونا پڑتا ہے اور شاید انہیں بھوک کا جو احساس ہے اس کی وجہ سے انہیں ملک کی آزادی کا احساس نہیں ہے۔ دوسری طرف بیروزگاروں کی بات کی جائے تو ان کیلئے بھی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی کیونکہ اگر انہیں ملازمتوں کے ذریعہ اپنے ملک اور اپنے سماج کی مذمت کا موقع نہیں ملتا تو وہ خود کو اجنبی محسوس کریں گے۔ وائیٹ ہاؤس کے اندرونی حصہ میں منعقدہ تقریب پہلے سبزہ زار پر منعقد ہونے والی تھی لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے تقریب کو اندرونی حصہ میں منتقل کرنا پڑا۔ مالیا کی 18 ویں سالگرہ ہونے پر گلوکار کینڈرک لامار اور جنیل مونائے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اوباما نے مالیا کو بآواز بلند ’’ہیپی برتھ ڈے‘‘ کہہ کر سالگرہ کی مبارکباد دی۔