امریکہ کی ایران دشمنی کا ذمہ دار اسرائیل : روحانی

روم۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ کی ایران دشمنی کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ امید ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ رویہ تبدیل کرے گا۔ اٹلی کے دورے میں نیوز کانفرنس کے دوران ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ کیساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ لیکن اس کا انحصار امریکہ پر ہے کہ وہ ایران کے متعلق دشمنی پر مبنی رویہ تبدیل کرے۔ حسن روحانی کا کہنا تھا کہ باقر النمر کی پھانسی سعودی عرب کی بڑی غلطی تھی۔ ایرانی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذاہب کی توہین کرنا آزادی اظہار نہیں۔ قبل ازیں روحانی کی روم کے عجائب گھر میں تقریب میں شرکت کی وجہ سے وہاں موجود بے لباس مجسموں کو ڈھانپ دیا گیا۔ایران کے صدر حسن روحانی یورپ کے 5روزہ دورہ پر ہیں۔ روم کے عجائب گھر میں اٹلی کے وزیراعظم ماتیو رینزی اور ایرانی صدر نے تجارتی سمجھوتوں پر دستخط کئے۔ اس موقع پر عجائب گھر میں موجود بے لباس مجسموں کو ڈھانپ دیا گیا تھا تاکہ ایرانی صدر کو کسی قسم کی ناگواری نہ ہو۔اٹلی نے ایرانی صدر کے اعزاز میں دیے گئے سرکاری عشائیہ میں شراب بھی نہیں رکھی کیونکہ ایران میں شراب نوشی کی سخت ممانعت ہے۔نیوز کانفرنس سے خطاب کے بعد حسن روحانی پیرس روانہ ہوگئے۔