امریکہ کی اہم ریاستوں میں ٹرمپ کی مقبولیت میں اضافہ

کلنٹن اندرون ملک غربت اور بیرون ملک تباہی کی نقیب: ڈونالڈ ٹرمپ، ہیلاری کلنٹن صدر امریکہ بننے کیلئے بالکل صحت مند، ڈاکٹر کی توثیق

واشنگٹن 15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ان اطلاعات کے دوران کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو امریکہ کی اہم ریاستوں میں کلنٹن کی بہ نسبت زیادہ مقبولیت حاصل ہورہی ہے، اُنھوں نے کہاکہ وہ ناکام سیاسی محکموں کو برخاست کردینے پر غور کررہے ہیں۔ اُنھوں نے ہیلاری کلنٹن کو اندرون ملک غربت اور بیرون ملک تباہی کا نقیب قرار دیا۔ اُنھوں نے واضح کردیا کہ بحیثیت وزیر خارجہ ہیلاری کلنٹن کا ریکارڈ تاریخی ناکامی سے بھرپور رہا ہے۔ وہ بیرون ملک تباہی اور اندرون ملک غربت کی نقیب ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر وہ منتخب ہوجائیں تو سیاست کو برعکس کردیں گے اور تمام امریکیوں کے لئے ایک نئے مستقبل کی تعمیر کریں گے۔ اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ صدر امریکہ بارک اوباما ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے ٹیکس کے حسابات کا برسرعام افشاء کریں گے حالانکہ اس کے لئے امریکی دستور میں گنجائش موجود ہے۔ ارب پتی 70 سالہ ڈونالڈ ٹرمپ رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کی ایک اہم شخصیت ہیں۔

انھوں نے اپنے ٹیکس کے حسابات کا برسر عام اعلان نہیں کیا اور بہانہ بنایا ہے کہ اِن کی آڈٹ جاری ہے۔ اوباما نے ٹرمپ پر ٹیکس کے حسابات کا برسر عام اعلان نہ کرنے پر سخت تنقید کی تھی۔ امکان ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ بیرون ملک رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انھوں نے اس کے لئے ہندوستانی شہروں پونے اور گرگاؤں کو منتخب کیا ہے۔ ممکن ہے کہ اُن کے اِس اقدام سے امریکی خارجہ پالیسی پر اثرات مرتب ہوں گے۔ اگر وہ منتخب ہوجائیں تو جنوری میں وائٹ ہاؤس منتقل ہوجائیں گے اور امریکہ کے اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز ہوں گے۔ ہیلاری کلنٹن کی صحت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید سوالات کے سلسلہ کو روکنے کے لئے اُن کا طبی ریکارڈ جاری کردیا گیا ہے۔ اُن پر قبل ازیں نمونیا کا حملہ ہوا تھا۔ اُن کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے کہاکہ وہ صدر امریکہ کے فرائض انجام دینے کے لئے بالکل صحت مند ہیں۔ نیویارک میں 11 ستمبر کو حملے کی 15 ویں برسی کے دوران وہ بیہوش ہوگئی تھیں۔