واشنگٹن ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اعلیٰ سطحی امریکی قانون سازوں اور معزز ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ کے سال بھر چلنے والے پروگرام کا آغاز کیا جہاں مہاتما گاندھی کے نظریۂ عدم تشدد کی زبردست سراہنا کی گئی اور اسے آج کے دور میں بھی قابل عمل قرار دیا گیا۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے اس پروگرام کا انعقاد کیا جہاں نصف درجن سے بھی زائد ہندوستانی نژاد امریکی تنظیمیں، مقررین بشمول کانگریس مین موجود تھے جنہوں نے گاندھی جی کی نظریات کے دنیا پر پڑنے والے اثرات کا تذکرہ کیا جس نے سب سے زیادہ جس قائد کو متاثر کیا تھا وہ تھے سیول رائٹس قائد آنجہانی مارٹن لوتھرکنگ۔ جب وہ (کنگ) ہندوستان جارہے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ دیگر ممالک کا دورہ وہ بحیثیت سیاح کرتے ہیں لیکن ہندوستان کا دورہ ایک عقیدتمند کی حیثیت سے کررہے ہیں۔ مقررین نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ گاندھی جی کا فلسفہ عدم تشدد اور امن کو آج کے اس پُرآشوب اور پُرتشدد دور میں بھی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی کہ گاندھی جی کے زمانے میں تھی۔