واشنگٹن ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کرسمس تہوار یوں تو ساری دنیا میں بڑے ہی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے جہاں لوگ اپنی پسند کے مقامات جاکر بھی تہوار سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں ۔ اُن میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو برفانی علاقوں جیسے سوئٹزرلینڈ جانا پسند کرتے ہیں جہاں ہلکی ہلکی برفباری اور شدت کی سردی میں کرسمس کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے لیکن ایسے ہی ایک ’’سفید برفانی کرسمس ‘‘ کا منصوبہ اُس وقت ڈراؤنا خواب بن گیا جب امریکہ کے شہر ایری میں برفانی طوفان نے لوگوں کو حواس باختہ کردیا اور صرف 48 گھنٹوں میں پانچ فیٹ برفباری ہوئی جس نے عملاً وہاں روزمرہ کے نظام کو ٹھپ کردیا اور حکام کو ہنگامی حالات کا اعلان کرنا پڑا ۔ اس موقع پر برفانی طوفان سے متاثرہ لوگوں نے سوشیل میڈیا پر برفانی طوفان کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ محکمہ موسمیات نے اس طوفان کی وجہ قریب میں واقع ایری جھیل کے قرب و جوار میں چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کو بتایا ۔ یاد رہیکہ ایری جھیل کو شمالی امریکہ کی چند بڑی جھیلوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ برفباری کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کرسمس کے دن یعنی پیر سے دوسرے روز منگل کو شام 5 بجے تک مسلسل برفباری ہوتی رہی ۔ تمام شہریوں کو مقامات سے باہر نکل کر سڑکوں پر جانے سے منع کیا گیا ہے بشرطیکہ باہر جانا بہت ضروری ہو اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو اپنے ساتھ پھاؤڑے ، رسی اور فلیش لائیٹس رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔