امریکہ میں جزوی شٹ ڈاون برقرار ‘ مذاکرات ہنوزتعطل کا شکار

ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹس کا با ت چیت کیلئے پہل سے گریز ۔ بحران کی فوری طور پر یکسوئی کی کوئی امید نہیں

واشنگٹن 30 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بناہے جبکہ ایک ہفتے سے جاری جزوی سرکاری شٹ ڈاون کو ختم کرنے بات چیت ہنوز تعطل ہی کا شکار ہے ۔ ٹرمپ اس جزوی شٹ ڈاون کی وجہ سے وائیٹ ہاوز ہی میں رکنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور انہوں نے فلوریڈا کے ایک خانگی کلب میں اپنی چھٹیاں بھی منسوخ کردی ہیں۔ جزوی سرکاری شٹ ڈاون کی وجہ سے وفاقی خدمات اور سرکاری ملازمین کی ادائیگیوں پر اثر ہونے کے امکانات واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باوجود اس تنازعہ کے فریقین کے مابین کوئی مفاہمت کے آثار دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور الزامات و جوابی الزامات کا سلسلہ بھی ہنوز جاری ہے ۔ وائیٹ ہاوز کے کونسلر کیلیانی کانوئے نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ڈیموکریٹس سے بات چیت کیلئے کوئی پہل نہیں کی جا رہی ہے ۔ اس کی بجائے وہ ڈیموکریٹس کی جانب سے ان سے رابطہ پیدا کئے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے فاکس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ ٹرمپ وفاقی فنڈز میں کئی بلین ڈالرس حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ امریکہ اور میکسیکو کے مابین ایک دیوار تعمیر کی جاسکے ۔ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ وہ اس دیوار کی تعمیر کو روکنا چاہتے ہیںاسی لئیوہ فنڈز جاری کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ ٹرمپ نے ہفتے کو ٹوئیٹ کیا تھا کہ وہ وائیٹ ہاوز میں ہی رکے ہوئے ہیں اور وہ منتظر ہیں کہ ڈیموکریٹس ان سے رابطہ کریں تاکہ سرحدی سکیوریٹی کے مسئلہ پر بات چیت ہوسکے اور یہ مسئلہ حل ہوسکے ۔

تاہم ابھی تک ڈیموکریٹس اور ڈونالڈ ٹرمپ کے مابین کوئی خاص ارطبہ نہیں ہوا ہے ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹرمپ نے اس مسئلہ پر ریپبلیکنس سے بھی کوئی بات چیت نہیں کی ہے ۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ڈیموکریٹس اس مسئلہ پر بات چیت کیلئے آگے آئیں۔ تاہم انہوں نے یہ تنقید مسترد کردی کہ ان کا انتظامیہ ہی اس تعطل کیلئے ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بارڈر پٹرول کی تحویل میں دو تارکین وطن بچوں کی موت کیلئے بھی ان کا انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہے ۔ ٹرمپ کی ہوم لینڈ سکیوریٹی کے مشیر نے بھی اس مسئلہ پر کچھ تجاویز پیش کی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ سرحدی مقامات پر تارکین وطن سے نمٹنے کیلئے ایک مخصوص طریقہ اختیار کیا جانا چاہئے ۔ ٹرمپ نے پہلے یہ انتباہ بھی دیا تھا کہ اگر دیوار کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم نہیں کئے جاتے ہیں تو وہ میکسیکو کے ساتھ ملنے والی سرحد کو ہی بند کردینگے ۔ اپنے اسی مطالبہ کیلئے وہ ڈیموکریٹس کی جانب سے مذاکرات کیلئے پہل چاہتے ہیں جبکہ ڈیموکریٹس بھی ابھی تک اس پر آگے آنے کو تیار نہیںہیں۔ اسی وجہ سے امریکہ میں جزوی سرکاری شٹ ڈاون چل رہا ہے اور ابھی یہ ختم نہیں ہوا ہے ۔