ولسن / نارتھ کیرولینا 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں ٹروپیکل(منطقہ حارہ کا) طوفان فلورنس کی وجہ سے نارتھ کیرولینا اور ساؤتھ کیرولینا میں بھاری بارش کے بعد طوفان نے ہفتہ کو اندرونی علاقوں میں دستک دی۔طوفان کی وجہ سے اب تک کم از کم 14افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔بھاری بارش کی وجہ سے دونوں صوبوں میں کافی نقصان ہوا ہے- فلورنس کے جمعہ کو سمندر سے ٹکرانے کے بعد ہونے والی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے ۔امریکی کوسٹ گارڈ فورس کے افسر مائیکل ھیمز نے بتایا کہ نارتھ کیرولینا میں سیلاب کے پانی میں پھنسے ہوئے تقریبا 50 لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ بچا لیا گیا۔وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے راحت اور بچاؤ مہم کے لئے وفاقی فنڈ سے مدد دینے کی منظوری دے دی ہے اور وہ اگلے ہفتے متاثرہ علاقے کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔قومی سمندری طوفان کے مرکز کے مطابق فلورنس جیسے جیسے ساؤتھ کیرولینا کی طرف بڑھ رہا ہے اس کی شدت میں کمی آ رہی ہے ۔ طوفان کی وجہ سے 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔