واشنگٹن 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے ۔ انہوں نے آج دنیا بھر میں مختلف مقامات پر موجود امریکی فوجیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر امریکی سپاہیوں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میںٹرمپ نے فوجیوں سے کہا کہ امریکی عوام ان کے اور ان کے خاندانوں کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سپاہی کرہ ارض کے عظیم لوگ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے رول کی ستائش کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم جنگ جیت رہے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر امریکی صدر کی جانب سے فوجیوں سے خطاب قدیم روایت ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہر کسی کو کرسمس کی مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ ہم ایک بہتر سال کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں۔ یہ سال بہت اچھا ہوگا ۔ اس ویڈیو کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے یو ایس ایس سیمپسن کے بحری فوجیوں کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے تیاری کی بہترین مثالیں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کوسٹ گارڈ کی بھی ستائش کی اور کہا کہ ہلاکت خیز امریکی طوفانوں کے دوران کوسٹ گارڈ ارکان نے ہزاروں افراد کی جانیں بچائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگ ان کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ چاہے یہ لوگ فلوریڈا کے ہوں ‘ ٹیکساس کے ہوں ‘ پورٹو ریکو کے ہوں یا پھر دوسری ریاستوں کے ہوں سب ان کی خدمات کے معترف ہیں۔ انہوں نے فوجیوں سے کہا کہ تعطیلات کے اس موسم میں امریکی عوام ہر ہر فوجی کے شکر گذار ہیں جو یہ تعطیلات اپنے وطن اور افراد خاندان سے دور گذار رہے ہیں۔