سنگا پور : صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اورشمالی کوریا کے صدر کم جانگ ان کے درمیان آج کی تاریخی ملاقات اور بات چیت ایک مشترکہ اعلامیہ کے ساتھ تکمیل کو پہنچی ۔مشترکہ اعلامیہ میں مسٹر کم کی طرف سے یہ عہد بھی شامل ہے کہ کوریائی جزیرہ کو نیو کلیائی ہتھیاروں سے پاک کردیا جائے گا ۔دونوں ملکوں کے درمیان کامیاب بات چیت پر دنیا نے راحت کی سانس لی ہے ۔
یہ بات چیت تقریبا ۹۰؍ منٹ تک جاری رہی ۔اس سے قبل امریکی صدور آئرن ہاور سے لے کر براک اوبامہ تک ۱۱؍ امریکی صدور نے شمالی کوریا کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن ملاقات کامیاب نہیں ہوپائی ۔
بعد ازاں مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ وہ فوجی مشق معطل کردے گا ۔جو شمالی کوریا کے لئے موجب اشتعال ہے ۔یہ ایک تاریخ ساز موقع ہے ۔ جب کسی امریکی صدر اور شمالی کوریائی صدر نے اقتدار میں رہتے ہوئے ایک دوسرے سے ملاقات ہوئی ۔اس ملاقات کا محور نیوکلیائی تحدید اسلحہ اور کشیدگی میں کمی لانا تھا ۔
امریکہ شمالی کوریا کی سلامتی کا ضامن بنے گا ۔صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے صدر کم جانگ ان نے کہا کہ امریکہ او رشمالی کوریا دونوں ملکوں کے عوام کی امن وخوشحالی کی امنگوں کے مطابق ازسر نو تعلقات استوار کریں گے ۔دونوں ممالک کوریائی جزیرہ میں مستحکم امن کا نظام قائم کرنے کی کوشش کریں گے ۔اعلامیہ میں شمالی کوریا نے کوریائی جزیرہ کو نیو کلیائی ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کا عہد کیا ہے۔