امجد اللہ خاں خالد پر مجلسی کارکنوں کا حملہ

نظام آباد میں انڈے اور ٹماٹر پھینکے گئے : جلسہ درہم برہم
نظام آباد ۔ /29 اکٹوبر (سیاست نیوز) مجلس بچاؤ تحریک کی جانب سے آج نظام آباد میں ملی شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خاں خالد اس پروگرام سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے مجلس اور ٹی آر ایس پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس و ٹی آر ایس کوخبردار کرتے ہوئے تین سال کا وقفہ گزرنے کے باوجود آج تک کسی وعدہ پر عمل نہیں کیا گیا اور کسی طرح کے ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس نے نظام آباد میں کئی اعلانات کئے تھے جن میں قابل ذکر منی دارالسلام کی تعمیر اور نظام آباد کا ہر ماہ دورہ شامل ہیں لیکن ابھی تک رائے دہندوں سے اظہار تشکر بھی نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح پر توجہ دینی چاہئیے ۔ امجد اللہ خاں خالد کی تقریر کے دوران اچانک جلسہ گاہ کے روبرو بلڈنگ سے انڈے اور ٹماٹر پھینکے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ اس کے ساتھ ہی جلسہ گاہ میں افراتفری پھیل گئی اور پولیس و ایم بی ٹی کارکنوں نے امجداللہ خاں خالد کو گھیرلیا اور جلسہ درہم برہم ہوگیا ۔ امجد اللہ خاں خالد نے کہا کہ یہ منصوبہ بند حملہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو اس مقصد کے لئے یہاں بھیجا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس حملہ میں مجلسی کارکنوں کا کوئی قصور نہیں لہذا ان سب کو معاف کرتے ہیں اور پولیس میں انہوں نے کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا۔ قلعہ روڈ نظام آباد پر حالات اس وقت مزید کشیدہ ہوگئے جب مجلسی کارپوریٹرس ، ڈپٹی میئر وہاںپہونچ کر مبینہ طور پر مجلسی کارکنوں کو اکسانے لگے ۔ حالات بگڑتے دیکھ کر مزید پولیس فورس کو طلب کرلیا گیا اور حملے میں ملوث چار نوجوانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ۔ نظام آباد II ٹاؤن پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور کمشنر نظام آباد کارتیکیا حالات پر راست پر نگرانی رکھے ہوئے ہیں ۔