امام حسین علیہ السلام نے انصاف کی سربلندی کیلئے جام شہادت نوش کیا : وزیر اعظم نریندرمودی 

اندور : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج امام حسین علیہ السلام کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سماج کی تعمیر میں ان کی تعلیمات آج بھی افادیت کی حامل ہیں ۔ وزیر اعظم مودی یہاں امام حسین کی شہادت کی یادمیں منائے جانے کے موقع پر داؤدی فرقہ بوہری کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے امام حسین کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین ہمیشہ نا انصافی کے خلاف سینہ سپر رہے او رامن و انصاف اور حق کی بلندی کیلئے جام شہادت نوش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین کی تعلیمات آج افادیت کی حامل ہیں ۔ وزیر اعظم مودی نے فرقہ بوہرہ کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے ذریعہ کئے گئے کام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے لئے محبت اور وابستگی ان کی تعلیمات کی ر وشن مثال ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی تہذیب ہندوستان کودوسرے ملکوں سے منفرد حیثیت عطا کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ماضی پر فخر ہے ، مستقبل پر یقین ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ خود کو بوہرہ سماج کا حصہ مانتے ہیں کیو نکہ ان کی آبائی ریاست گجرات کے بیشتر گاؤں میں بوہرہ سماج کاروبار کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب میں گجرات کا وزیر اعلی تھا تو انہوں نے ہر قدم پر میر ی مدد کی او رمیں اس کے لئے خود کو نوش نصیب محسوس کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک او رمدھیہ پردیش کی ترقی میں بوہرہ فرقہ سماج کا تعاون کافی نمایاں رہا ہے او رانہوں نے اندور کو ہندوستان کا سب سے صاف ستھرا شہر بنانے میں انتہائی اہم رول ادا کیا ہے ۔