امام حسینؓ کی سبیل ہٹائے جانے کا معاملہ : مولانا سید کلب جواد نے وزیر اعظم سے شکایت درج کرائی

نئی دہلی : رائے پور چھتیس گڑھ کے ریلوے اسٹیشن پر حضرت امام حسینؓ کے نام پر لگائی سبیل سے جس انداز میں امام حسین کا نام گرامی حذف کیا گیا اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مولانا کلب جواد نے اپنی شکایت درج کروائی اور عوام میں ناراضگی پائی جارہی ہے ۔

آل انڈیا مسلم سکریٹری مولانا سید کلب جواد نے اس معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خدمت میں ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں ریلوے کے ذریعہ ہٹائے گئے نام کی شکایت کی گئی ہے اورمطالبہ کیاگیا ہے کہ اس کو دوبارہ لگایا جائے کیو ں کہ اس سے غلط پیغام جارہا ہے ۔مولانا جواد نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ کہنا یہ ہے کہ امام حسینؓ کو تو آپ جانتے ہیں اورہندوستان کا کوئی بھی انسانیت پسند شخص ایسا نہیں ہوگا جو امام حسینؓ کو نہ جانتا ہو ۔

امام حسینؓ ہی دنیا کے ایسے پہلے انسان ہیں جنہوں نے سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی تھی ۔اوران سے جنگ کر تے کرتے دہشت گردوں کے ہاتھوں کربلا کے میدان میں بھوکے پیاسے شہید ہوگئے ۔یہ ہم ہندوستانیوں کی خوش قسمتی ہے کہ امام حسینؓ ہندوستان میں قیام پذیر ہونا چاہتے تھے ۔اور یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی شہری امام حسینؓ سے محبت کرتے ہیں اور ان میں عقیدت رکھتے ہیں ۔

نیز یہاں کے ہندو بھائیوں نے اماحسینؓ کا ہمیشہ احترام کیا ہے ۔ہندوستان کی یہ بھی خصوصیت ہے کہ یہاں کہ ہندو بھائیوں نے امام حسینؓ کی یاد میں باڑے تعمیر کروائے اور ہندوشاعروں نے امام حسینؓ کی یاد میں عظیم کلام قلم بند کئے ۔امام حسینؓ کیو نکہ پیاسے شہید ہوئے تھے اسلئے پیاسوں کو پانی پلانے والے لوگ ہمیشہ یہ کہتے ہیں کہ جب پانی پیو تو امام حسینؓ کی پیاس کو یاد کرو۔بس یہی قول کچھ فرقہ پرست لوگوں کو نہ جانے کیوں برا لگا اور انہوں نے رائے پور چھتیس گڑھ کے ریلوے اسٹیشن پر لگائے گئے واٹر کولر پر لکھے امام حسینؓ کے نام پر اعتراض درج کرایا جس کے محکمہ ریلوے چھتیس گڑھ نے بغیر سوچے سمجھے واٹر کولر سے نہ صرف امام حسینؓ کا نام ہٹایا بلکہ اس ادارہ کا نام بھی ہٹادیا جس نے اس واٹر کولر کا انتظام کیا تھا ۔اس لئے آپ سے گذارش ہے کہ آپ اس مسئلہ پر مناسب کارروائی کرنے کا حکم جاری کرنے کی مہربانی کریں ۔‘‘مولانا کلب نے رائے پور ریلوے اسٹیشن کے تصاویر بھی وزیر اعظم کو روانہ کی ۔اس مکتوب کی ایک کاپی مرکزی وزیر امور داخلہ ، مرکزوزیر ریل ، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی اوررائے پور کے ضلع مجسٹریٹ کو ارسال کی ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ واٹر کولر ’’ ہو از حسین ‘‘ “Who Is Hussain ” کی تنظیم کی جانب سے لگائے گئے ہیں ۔