لکھنؤ : یوگی ادتیہ ناتھ کی کابینہ نے الٰہ آباد کا نام تبدیل کرہی دیا ۔ اب الٰہ آباد کا نام پریاگ راج ہوگیا ۔ الٰہ آباد نام برسوں پرانہ نام تھا ۔ یوگی کابینہ کے اس فیصلہ سے جہاں سادھوں سنت خوش ہیں وہیں کئی تنظیمیں ناراض ہیں ۔ اس فیصلہ کو اصل مسائل سے توجہ ہٹانے او رانتخابات سے قبل کا نیا سیاسی ڈرامہ بتایا جارہا ہے ۔وہیں سادھوں کا کہنا ہے کہ ا س قدیم شہر کا رتبہ واپس لوٹ آیا ہے ۔ وہیں ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ برسوں پرانا مطالبہ ہے جسے اس حکومت نے پورا کر دکھایا ہے ۔وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ کی صدارت میں لوک بھون میں ہوئی کابینہ میٹنگ میں جو ایجنڈہ پیش کیا گیا اس میں سب سے اہم الٰہ آباد کا نام تبدیل کرنا تھا ۔
کابینہ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا اور اب اس الٰہ آباد کے قدیم نام کو پریاگ راج سے یاد کیا جائے گا ۔کابینی اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کابینی وزیر او ریوگی حکومت کے ترجمان سدھارت ناتھ سنگھ نے بتایا کہ نام کی تبدیلی کو منظوری دے دی گئی ہے او رجلد ہی اس تعلق سے سرکلر جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کا نام بدلنے کے ساتھ ہی الٰہ آباد ہائی کورٹ ، الٰہ آباد یونیورسٹی کا نام بھی بدل جائے گا ۔
واضح رہے کہ یوگی حکومت نے چند ماہ قبل ہی تاریخی ریلوے اسٹیشن مغل سرائے کا نام بدل کر دین دیال اپادھیائے کے نام پر رکھا ہے ۔مغل بادشاہ اکبر نے اس شہر کا نام الٰہ آباد رکھا تھا ۔