اللہ کے قانون سے بڑا کوئی قانون نہیں:اعظم خان

لکھنؤ-طلاق ثلاثہ بل پرسماجوادی پارٹی کے قدآورلیڈراعظم خان نے کہا  "جو لوگ اسلامی شریعت کے تحت طلاق نہیں دیتے ہیں، وہ طلاق نہیں مانا جاتا ہے۔

 

طلاق پرقانون بنے یا نہ بنے، اللہ کے قانون سے بڑا کوئی قانون نہیں ہے۔ طلاق کے معاملے میں ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کے مسلمان قرآن کے قانون کو مانتے ہیں۔

 

سماجوادی پارٹی کے سینئرلیڈر نے کہا کہ پہلے حکومت ان خواتین کو انصاف دلائے، جنہیں ان کے شوہروں نے قبول ہی نہیں کیا۔

انہیں انصاف دلائے، جنہیں گجرات اوردیگرفسادات میں مار دیا گیا تھا۔اعظم خان نے کہا کہ تین طلاق بل سے مسلمانوں کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، جو لوگ مسلمان ہیں، وہ قرآن اورحدیث کو مانتے ہیں۔

 

وہ جانتے ہیں کہ طلاق کا پورا طریقہ قرآن میں دیا ہوا ہے۔ ایسے میں ہمارے لئے قرآن کے اس عمل کے علاوہ کوئی بھی قانون قابل قبول نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لوک سبھا میں تین طلاق بل پیش کیا گیا ہے اوراس پربحث ہورہی ہے۔

ایسے میں مسلم تنظیموں اورمسلم رہنماوں نے مرکزی حکومت کے بل کو مذہبی معاملات میں مداخلت سے تعبیرکیا ہے۔

ایسے میں کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس بل کو جوائنٹ سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈرملکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ ہے حکومت کو مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔