’’اللہ تعالی کے پاس دیر ہے لیکن اندھیر نہیں ‘‘: جگن موہن ریڈی

ماہ رمضان المبارک میں چیف منسٹر کا حلف لینا اعزاز کی بات ۔ چیف منسٹر اے پی کا دعوت افطار سے خطاب
حیدرآباد ۔3جون ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ مقدس ماہ رمضان المبارک میں وائی ایس آر کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی اور ماہ رمضان میں انہیں چیف منسٹر عہدہ کا حلف لینے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا تحریر کردہ اسکرپٹ کیسا رہتا ہے ، کہنے کیلئے یہ انتخابات ہی مثال ہیں ۔ رمضان المبارک کے پیش نظر آندھراپردیش حکومت کی جانب سے مسلم روزہ داروں کیلئے افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ آج شام گنٹور پولیس پریڈ گراؤنڈ پر افطار پارٹی میں شرکت کر کے مسلم روزہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں انتخابات میں اللہ تعالیٰ نے وائی ایس آر کانگریس کو غیر معمولی کامیابی فراہم کی ہے ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے مختلف ترغیبات کے ذریعہ وائی ایس آر کانگریس کے 23ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کرلیا تھا لیکن اس مرتبہ تلگودیشم کو صرف 23نشستوں پر اللہ تعالیٰ نے کامیاب بناکر یہ ثابت کردیا کہ ’ اللہ تعالیٰ کے پاس دیر ہے لیکن اندھیر نہیں ‘۔ جگن نے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد افطار پارٹی میں پہلی سرکاری تقریب میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس نے پانچ مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا لیکن چار امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ مسٹر شیخ محمد اقبال ناکام ہوگئے ۔ جگن موہن ریڈی نے شیخ محمد اقبال کو قانون ساز کونسل رکن منتخب کروانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ریاست کے مسلمانوں کی خوشحالی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے عیدالفطر کی قبل از وقت ریاست کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ۔