اقوام متحدہ میں ایوانکا ٹرمپ، نکی ہیلی کی جانشین ؟

واشنگٹن۔ 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کی حیثیت سے ان کی دُختر ایوانکا ٹرمپ ایک انتہائی باصلاحیت شخصیت ثابت ہوں گی۔ انہوں نے لفظ ’’ڈائنامیٹ‘‘ کا استعمال کیا تاہم فوراً ہی یہ بھی کہا کہ اگر انہوں نے نکی ہیلی کی جگہ پر ایوانکا کو اقوام متحدہ کے سفیر کیلئے منتخب کیا تو ان پر اقرباء پروری کا الزام عائد کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ 46 سالہ نکی ہیلی نے کل اعلان کیا تھا کہ وہ جاریہ سال کے اواخر تک اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ آج اس اعلان کے بعد امریکہ میں ایسی کئی شخصیات ہوں گی جو نکی ہیلی کی جگہ لینے بے قرار ہوں گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں نکی ہیلی کی کارکردگی کی ہمیشہ ستائش کی ہے۔ ٹرمپ آئندہ دو یا تین ہفتوں میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کی حیثیت سے نکی ہیلی کے متبادل کا اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں جو بھی امیدوار سامنے آئیں گے، ان سے متعلق وہ جنوبی کیرولینا کے سابق گورنر اور دیگر شخصیات سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ایکبار پھر اپنی دُختر ایوانکا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر اسے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مقرر کیا جائے تو وہ ایک لاجواب شخصیت ثابت ہوسکتی ہے۔ میں ایسے لوگوں کو واضح کردینا چاہتا ہوں جو مجھ سے اور ایوانکا کی صلاحیتوں سے واقف ہیں۔ ایوانکا کی اگر اقوام متحدہ میں تقرر عمل میں آئی ہے تو وہ ’’ڈائنامیٹ‘‘ ثابت ہوں گی یعنی دھماکو۔ یعنی ان کی کارکردگی اتنی متاثرکن ہوسکتی ہے کہ لوگ ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوجائیں گے لیکن میں یہ بھی جانتا ہوں کہ مجھ پر اقرباء پروری کا الزام عائد کیا جائے گا کیونکہ میرے داماد جارڈ کوشنر پہلے ہی میرے مشیر کے فرائض انجام دے رہے ہیں، یہ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ (ٹرمپ) ایوانکا سے متعلق بار بار تذکرہ کررہے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ایوانکا کا ہی انتخاب کریں گے۔ ایک صدر اور ایک باپ ہونے کی حیثیت سے میں یہ جانتا ہوں کہ ایوانکا سے بہتر کوئی انتخاب نہیں ہوسکتا لیکن کیا کیا جائے۔ اقرباء پروری کے الزام سے بچنا بھی ضروری ہے۔ دریں اثناء صدر ٹرمپ کے ریمارکس کے فوری بعد 36 سالہ ایوانکا کے ٹوئٹ کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دینے کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کی وضاحت کردی۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ وائیٹ ہاؤز میں کئی عظیم شخصیتوں کے ساتھ خدمات انجام دینے کا موقع مل رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ صدر ٹرمپ نکی ہیلی کی جگہ پر کسی باصلاحیت شخصیت کا انتخاب کریں گے۔ یاد رہے کہ ایوانکا ایک بزنس وومن، فیشن ڈیزائنر، مصنفہ اور ریالٹی ٹی وی شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نکی ہیلی کی جگہ پر ان کی تقرری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔