مودی کی ہم منصب اینڈاکینی سے ملاقات، ہندوستانی برادری سے خطاب
ڈبلن ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی رکنیت اور بین الاقوامی برآمداتی نظام بشمول این ایس جی کے معاملہ میں آئرلینڈ سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے دورہ امریکہ کے موقع پر آئرلینڈ میں 5 گھنٹے توقف کے دوران ہم منصب اینڈاکینی سے ملاقات کی اور کئی عالمی چینلجس جیسے دہشت گردی و انتہاء پسندی پر وسیع تبادلہ خیال کیا۔ نریندر مودی 59 سال میں آئرلینڈ کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئرلینڈ کی ویزا پالیسی ہندوستان کی آئی ٹی فرمس کی ضروریات کے مطابق ہوگی۔ بعدازاں اینڈاکینی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی کے علاوہ یوروپ اور ایشیائی صورتحال پر ہم نے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کے کئی موقع ہیں کیونکہ دونوں مشترکہ جمہوری اقدار کے حامل اور بین الاقوامی امن و استحکام کے حامی رہے ہیں۔ انہوں نے 2008ء میں نیوکلیئر سپلائرس گروپ (این ایس جی) سے ہندوستان کو بالخصوص استثنیٰ کے معاملہ میں آئرلینڈ کی تائید پر اظہارتشکر کیا۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے سلسلہ میں بھی انہوں نے آئرلینڈ سے تائید کی خواہش کی اور بالخصوص ہندوستان کو مستقل رکنیت کی حمایت کرنے کی خواہش کی۔ واضح رہیکہ 1956ء جواہر لال نہرو نے آئرلینڈ کا دورہ کیا تھا۔
مودی نے ہندوستانی برادری سے بھی خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے زیادہ وقت نہ دینے کیلئے معذرت خواہی کی۔ انہوں نے کہا ہر وقتجب ہم نیویارک جاتے ہیں آئرلینڈ کے اوپر سے پرواز ہوتی ہے لیکن اس طرح کی ملاقات کیلئے 59 سال انتظار کرنا پڑا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے مختلف اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں ہندوستانی عوام اپنا سر اٹھا کر زندگی گذار رہے ہیں اور ہر ایک سے مساوی طور پر آنکھ میں آنکھ ملا کر بات کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم مودی کا ہجوم نے ’’ہر ہر مودی‘‘ کے نعروں سے اور سنسکرت کے اشلوک و خیرمقدمی گیت کے ساتھ خیرمقدم کیا۔ اس پر انہوں نے ملک کے سیکولر پسندوں پر تنقید کی۔ مودی نے ایسا پہلی بار نہیں کیا۔ اس سے پہلے جاپان کے شہنشاہ کو ’’بھگوت گیتا‘‘ کی نقل پیش کرنے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں ہمارے سیکولر دوستوں کو کافی تکلیف ہوتی ہوگی۔ اس پر کافی ہنگامہ آرائی بھی ہوئی تھی آج مودی سے ملاقات کے اس پروگرام میں شریک ہونے والوں میں ہندوستانی فلمساز شیکھرکپور کے علاوہ آئرلینڈ سفارتخانہ کا اسٹاف شامل ہے۔ آئرلینڈ میں تقریباً 26 ہزار ہندوستانی نژاد آباد ہیں جن میں تقریباً 17 ہزار ہندوستانی شہری ہیں۔ ان میں اکثریت شعبہ صحت سے وابستہ ہے جو ڈاکٹرس اور نرسیس کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ اور دیگر شعبوں سے بھی وابستہ ہے۔