اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں : مختار عباس نقوی

چینائی 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو با اختیار بنانے ریاستی حکومتوں کی اسکیمات کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ جنوبی ہند کی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اقلیتی بہبود و سکریٹریز کی شرکت کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختار نقوی نے کہا کہ ہم اقلیتوں کی ترقی کی سرگرمیوں کیلئے فنڈز فراہم کرینگے ۔ اس کے علاوہ غریبوں اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کی اسکیمات کیلئے بھی رقومات فراہم کی جائیں گی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اجلاس کے دوران تبادلہ خیال بہت مثبت اور تعمیری رہا ہے منسٹر آف اسٹیٹ اقلیتی امور ( آزادانہ چارچ ) نے کہا کہ ہم نے سوماجی ۔ معاشی ترقی کے پروگراموں اور ملک میں اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے پروگراموں کے تعلق سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک فنڈز کا سوال ہے ریاستی حکومتوں کیلئے ان کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ نقوی نے کہا کہ ان کی وزارت نے 1,000 سدبھاؤنا منڈپ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو کمیونٹی مراکز کے طور پر کام کرینگے تاکہ ان سے اقلیتی برادریوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے فائدہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سدبھاؤنا منڈپ بہت منفرد عمارت ہوگی جہاں اقلیتی برادریوں کے لوگ اور دوسری برادریوں کے ارکان بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے ۔ ریاستی حکومتوں نے اس تجویز پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی سرگرمیاں اور کھیل کو د کی سرگرمیاں ان منڈپوں میں چلائی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ آفات سماوی کے وقت لوگ اس میں پناہ بھی حاصل کرپائیں گے ۔