اقلیتوں کے بجٹ میں395کروڑ روپے کا اضافہ :نقوی

نئی دہلی’یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے آج پارلیمنٹ میں پیش کردہ عام بجٹ کے دوران اقلیتوں کی بہبود کی مختلف اسکیموں کے بجٹ میں 395کروڑ روپے کے اضافے کاخیرمقدم کیا ہے ۔مسٹر نقوی نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ کئی برس کے بعد اقلیتوں کے بجٹ میں اتنے بڑے پیمانے پر اضافہ کیاگیا ہے ۔ اس اضافے سے اقلیتوں کے لئے بہبودی اسکیموں کو مزید کارگرطریقے سے نافذ کرنے میں کافی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے بجٹ میں اضافہ کرنا مودی حکومت کا قابل تحسین قدم ہے ، جس سے اقلیتوں کی تیز رفتار بہبودی اسکیموں کے نفاذ میں مزید آسانی ہوگی۔خیال رہے کہ اقلیتوں کے لئے مختص بجٹ اب تک 3800کروڑ روپے تھا جو 395 کروڑ کے اضافے کے ساتھ اب 4195کروڑ روپے ہوگیا ہے ۔اس سے پہلے 2012-13میں اقلیتوں کے لئے مختص بجٹ 3135کروڑ، 2013-14میں 3511کروڑ،2014-15میں 3411کروڑ، 2015-16 میں 3712کروڑ، 2016-17میں 3800کڑوڑ اور آج پیش کردہ بجٹ میں اقلیتوں کے بجٹ میں 395 کروڑ کے اضافے کے ساتھ اب یہ بجٹ 4195.48 کروڑ روپے ہوگیا ہے ۔واضح رہے کہ مرکز کی مودی حکومت وزارت اقلیتی امور کے ذریعہ اقلیتوں کی بہبود کے لئے کئی اسکیمیں چلارہی ہے جن میں سیکھو اور کماؤ، نئی منزل، نئی روشنی، اسکل ڈیولپمنٹ، مولانا آزاد نیشنل اکیڈمی فار اسکلس، اقلیتی طلبا و طالبات کے لئے اسکالرشپ، پڑھوپردیش، نئی اڑان، مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے علاوہ اقلیتی طلبہ و طالبات کو اعلی و پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے آسان شرطوں پر قرض دینے کا منصوبہ بھی چلارہی ہے ۔