اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے حکومت سرگرم عمل : نقوی

نئی دہلی،4 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے انہیں تعلیم سے آراستہ کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے جس کے لئے مرکز کی مودی حکومت جنگی سطح پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں اور کمزور طبقات سمیت اقلیتوں کو بااختیار بنانا نہ صرف اپنا ’’راج دھرم ‘‘ بلکہ اپنا ’’قومی فرض ‘‘بھی مانتی ہے ۔نقوی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کا واحد مقصد غریبوں، کمزور طبقوں،پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی ’’آنکھوں میں خوشی اور زندگی میں خوشحالی‘‘ لانا ہے ۔اسی مقصد کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے مرکزی حکومت نے اس بار اقلیتی وزارت کے بجٹ میں تقریباً 4سو کروڑ روپے کا بڑا اضافہ کرکے . 18۔2017کیلئے اقلیتی وزارت کا بجٹ 4195.48 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ، جو گزشتہ بجٹ میں 3827.25 کروڑ روپے تھا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اضافہ سے اقلیتوں کو سماجی ، اقتصادی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ نقوی نے کہا کہ مودی حکومت اقلیتوں کو بہتر تعلیم دینے کیساتھ ان کی مہارت کی ترقی پر بھی زور دے رہی ہے تاکہ اقلیتی طبقے کے نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرائے جاسکیں۔