پنسلوانیہ میں ایک عظیم الشان ریالی سے خطاب کریں گے ، ہند ۔ امریکی تعلقات میں بھی مثبت رجحان
واشنگٹن۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقتدار پر اپنے ابتدائی 100 دن کی تکمیل کے موقع پر صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی تاریخی حکمرانی و کارکردگی نے امریکی تاریخ میں ایک نہایت ہی کامیاب دور ہونا ثابت کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ صرف 14 ہفتوں کے اندر ان کے نظم و نسق نے واشنگٹن کے لئے وسیع تر تبدیلی لائی ہے۔ اقتدار کے ابتدائی 100 دن کا جشن منانے کے لئے صدر ٹرمپ پنسلوانیہ پرواز کریں گے جہاں وہ ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کل کے اپنے قوم سے کئے گئے ہفتہ واری ریڈیو اور ویب خطاب میں کہا تھا کہ میں حقیقی طور پر یہ یقین رکھتا ہوں کہ میرے نظم و نسق کے ابتدائی 100 دن ملک کی تاریخ میں نہایت ہی کامیاب ترین دن رہے۔ ٹرمپ نے امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے 20 جنوری کو حلف لیا تھا اور آج اقتدار کے 100 دن پورے ہوئے ہیں۔ اپنے ہفتہ واری خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ اس مختصر وقفہ کے دوران ان کے نظم و نسق نے روزگار کو واپس لانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم نے امریکیوں کا روزگار واپس لایا ہے۔ آپ مشیگن کے عوام سے دریافت کرسکتے ہیں۔ آپ اوہائیو کے لوگوں سے معلوم کرسکتے ہیں۔ آپ پنسلوانیہ کے بھی شہریوں سے ان کے روزگار کے بارے میں پوچھ سکتے ہیں۔ آپ کو پتہ چلے گا کہ ہم نے کیا کام انجام دیا ہے اور کیا کچھ تبدیلی عمل میں آئی ہے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کار کی کمپنیاں دوبارہ سے اپنی شان بحال کرچکی ہیں۔ اب یہ جانا نہیں چاہتی۔ وہ یہاں پر ہی اپنے کارخانے جاری رکھنا چاہتی ہیں۔ یہ کارروائی اور عمل کی ایک چھوٹی سی حرکت کے متمنی ہیں۔ 70 سالہ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ امریکہ اب بلندی کی طرف پیشرفت کررہا ہے اور بڑی تیزی سے ترقی کی منزلیں طئے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں اپنا کام بہتر طریقہ سے انجام دے رہی ہیں۔ ان کمپنیوں نے اپنے شاندار منافع کا بھی اعلان کیا ہے اور یہ تو ابھی شروعات ہے۔ آگے آگے دیکھئے ہم امریکہ کو اونچائی تک لے جائیں گے۔ متوسط طبقہ اور تجارت پیشہ لوگوں کے لئے ہم نے بڑے پیمانے پر ٹیکس کٹوتی کی ہے اور اس کا مثبت اثر دکھائی دے رہا ہے۔ اپنے نظم و نسق کی چند خصوصیات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا کام امریکی ورکر کے لئے جدوجہد کے مماثل ہے۔ صدر کی حیثیت سے ٹرمپ نے ہندوستان کے ساتھ بھی اپنے ملک کے تعلقات کو مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ہند ۔ پاک تعلقات میں ایک مثبت رجحان پیدا ہوا ہے۔ امریکہ میں سابق ہندوستانی سفیر ارون سنگھ نے کہا کہ ہند۔ امریکہ تعلقات میں وسعت پیدا ہوئی ہے۔ گزشتہ 100 دن کے دوران ہندوستان کے ساتھ روابط اور بات چیت سے واضح ہورہا ہے کہ ٹرمپ نے ہندوستان کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا ہے۔ دونوں جانب ہوئے مذاکرات بھی مثبت رہے ہیں۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان کے تعلق سے اثباتی اظہار خیال کیا تھا اور ہند ۔امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی حمایت کی تھی۔ ہندوستان کے قومی سلامتی مشیر اجیت دوول اور معتمد خارجہ جئے شنکر نے امریکی سینئر عہدیداروں سے مشاورت کی ہے۔