افغانستان کی مارکٹ میں خودکش بم بردار حملہ، 19 ہلاک مہلوکین میں خواتین ، بچے اور افغان سپاہی شامل ، گورنر عبدالستار بریج کا بیان

مزار شریف ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی مصروف ترین مارکٹ میں آج ایک خودکش بم بردار حملہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کے بشمول 19 افراد ہلاک ہوئے۔ شمالی افغانستان میں انتہا پسندوں نے اپنی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ امن مذاکرات پر رضامندی کے باوجود یہ دھماکے کئے جارہے ہیں۔ صوبہ فریاب کے ضلع المر میں یہ حملہ کیا گیا جو ترکمنستان کی سرحد سے متصل ہے۔ 13 سال کی جنگ کے بعد یہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ کسی بھی گروپ نے خودکش بم دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ حکومت اور طالبان کے درمیان دوسرے مرحلہ کی امن مذاکرات سے قبل یہ دھماکہ ہوا ہے ۔ خودکش بم بردار نے ضلع المر کے بڑی مارکٹ میں اپنی جاکیٹ  میں بھرے ہوئے دھماکو اشیاء کو اڑالیا۔ ضلع کے پولیس سربراہ سبحان کلی ابراہیمی نے بتایا کہ دھماکہ شدید تھا۔ گورنر عبدالستار بریج کے مطابق دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین و بچوں کے علاوہ ایک سپاہی شامل ہے ۔ ضلع المر کے سربراہ صالح محمد صالح نے کہا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔