افغانستان میں بم حملے، 26 ہلاک، 39 زخمی

کابل 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی افغانستان میں ایک سڑک کے کنارے آج طاقتور بم دھماکہ میں بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں بشمول خواتین اور بچے کم سے کم 15افراد ہلاک ہوگئے۔ صوبائی محکمہ صحت کے سربراہ عبدالجبار شائق نے کہاکہ مغربی صوبہ فراہ کے ضلع بالا بلوک میں آج صبح ہوئے اس حملے میں دیگر 31 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جو تمام عام شہری ہیں۔ شائق نے کہاکہ یہ بس قومی دارالحکومت کابل سے صوبہ ہیرات کی سمت جارہی تھی کہ سڑک کے کنارے رکھے گئے بم کی زد میں آگئی۔ کسی بھی گروپ نے فوری طور پر ذمہ داری قبول نہیں کی۔ لیکن اس صوبہ میں طالبان کا طاقتور وجود ہے بالخصوص ضلع بالا بلوک جہاں یہ بم رکھا گیا تھا۔ سرکاری عہدیداروں اور سکیورٹی فورسیس کو نشانہ بنانے کے لئے وہ اکثر سڑک کے کنارے بم رکھ کر حملے کیا کرتے ہیں۔ ایک اور واقعہ میں ملک کے دوسرے علاقہ میں لب سڑک نصب بم مبینہ طور پر جو صیانتی افواج کیلئے نصب کیا گیا تھا ، ایک مسافر بس سے ٹکرا کر دھماکہ سے پھٹ پڑا جس کی وجہ سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس طرح آج کا دن افغانستان میں تشدد برداشت کرنے والے عوام کیلئے ایک اور خونریز ترین دن ثابت ہوا کیونکہ جملہ 26 افراد دو واقعات میں ہلاک اور دیگر 39 زخمی ہوگئے تھے۔