افغانستان میں انتخابی ریلی پر حملہ ۔ 13 ہلاک

جلال آباد ( افغانستان ) 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان میں ایک انتخابی مہم ریلی پر ہوئے خود کش بم حملہ میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ یہ حملہ گذشتہ جمعہ کو انتخابی مہم کے آغاز کے بعد پہلی کارروائی ہے ۔ ملک میںعام انتخابات کیلئے مہم شروع ہوئی ہے جس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک عسکریت پسند نے حود کو امیدوار عبدالناصر محمد کے حامیوں کے درمیان دھماکہ سے اڑا لیا ۔ اس کارروائی میں 13 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 40 زخمی ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی صوبہ ننگر ہار میں ہوئی ۔ صوبائی گورنر کے تر جمان عطاء اللہ کھوگیانی نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ حملہ میں امیدوار بچ گئے ہیں تاہم یہ پتہ نہیں چلا سکا ہے کہ دھماکہ میں وہ زخمی ہوئے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ صوبائی ڈائرکٹر صحت نجیب اللہ کاماول نے مہلوکین کی تعداد 14 بتائی ہے ۔ کچھ دوسرے افراد نے بتایا کہ دھماکہ بہت شدید نوعیت کا تھا اور کچھ دیر کیلئے یہاں مکمل نراج کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی ۔